پاکستان تازہ ترین

جو ریاست اپنے شہریوں کو بچا نہیں سکتی وہ دوسروں کو تحفظ کیا دے گی؟ حامد میر کی حکومت پر برہمی

ہم دوسرے ممالک کو تحفظ فراہم کرنے کے معاہدے کر رہے ہیں لیکن افسوس کہ 5 ماہ تک کئی پاکستانی سیلرز بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال رہے لیکن حکومت نے کچھ نہیں کیا،حامد میر

ہم دوسرے ممالک کو تحفظ فراہم کرنے کے معاہدے کر رہے ہیں لیکن افسوس کہ 5 ماہ تک کئی پاکستانی سیلرز صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال رہے لیکن حکومت نے کچھ نہیں کیا؛ سینئر صحافی کی ایکس پوسٹ

صومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں ہائی جیک کیے گئے تجارتی بحری جہاز آنر 25 کی بازیابی کے لیے پورٹ لینڈ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں کراس فائرنگ سے 3 پاکستانیوں سمیت 5 کریو ممبرز مارے گئے اور 4 شدید زخمی ہوگئے، اس دردناک سانحے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے حکومت اور سکیورٹی اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 21 اپریل 2026ء کو صومالی قزاقوں کی جانب سے ہائی جیک کیے گئے بحری جہاز آنر 25 پر پورٹ لینڈ صومالیہ سکیورٹی فورسز نے بمباری و فائرنگ کرکے کارروائی کی، جہاز کے سیکنڈ انجینئر حسین یوسف نے ایک فلاحی ادارے کو فون پر انکشاف کیا کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ سے 3 پاکستانی کریو ممبرز سیکنڈ آفیسر کاشف عمر، تھرڈ انجینئر محمود انصاری اور آئلر رفیع اللہ خان جاں بحق ہوگئے، ان کے علاوہ ایک بھارتی شہری تنویر اور میانمار سے تعلق رکھنے والے چیف انجینئر بھی مارے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فورسز کی کارروائی میں 3 پاکستانی فورتھ انجینئر عثمان، عقیل اور امین جبکہ ایک انڈونیشین کریو ممبر شدید زخمی ہوئے جن کی حالت نازک ہے، آپریشن کے دوران جہاز کا اسٹیئرنگ سسٹم تباہ ہوگیا، جس کی وجہ سے جہاز کو دوسرے بحری جہاز سے باندھ کر آہستہ آہستہ بوساسو بندرگاہ کی طرف کھینچا جا رہا ہے جہاں پہنچنے میں 3 دن لگ سکتے ہیں، حکومتِ پاکستان اور بین الاقوامی اداروں سے اپیل ہے کہ زخمیوں کو بچانے کیلئے فوری ہیلی کاپٹر بھیج کر طبی امداد دی جائے۔

اس المناک واقعے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ ہم دوسرے ممالک کو تحفظ فراہم کرنے کے بڑے بڑے معاہدے تو کر رہے ہیں، لیکن افسوس کہ پانچ ماہ تک کئی پاکستانی سیلرز صومالیہ میں قزاقوں کے رحم و کرم پر یرغمال رہے اور حکومتِ پاکستان نے محض کاغذی اپیلیں جاری کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، یہ بازیابی کا آپریشن ہماری اپنی فورسز نے کیوں نہیں کیا؟ اگر ریاستِ پاکستان اپنے بے گناہ شہریوں کا تحفظ نہیں کر سکتی تو دوسرے ممالک میں جا کر دوسروں کو تحفظ فراہم کرنے کے دعوے کیسے کر سکتی ہے؟۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field