چین نے ایک بار پھر دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں چین کے وزیر مملکت داخلہ و سربراہ اسپشل سروس بیورو لنگ ژیفینگ سے ملاقات ہوئی،ملاقات میں انسداد دہشت گردی تعاون اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
پاک چین وزراء نے داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا ، بارڈر مینجمنٹ ، غیر قانونی امیگریشن اور انسداد منشیات کے حوالے سے باہمی معاونت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا۔
چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے سپشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی ہے۔دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان عوامی روابط بہت اہم ہیں۔اس ضمن میں ویزا رجیم میں آسانی ضروری ہے۔
چینی وزیر مملکت داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انسداد دہشت گردی کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہئے۔ویزہ اور امیگریشن کے حوالے سے ایشوز کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا نے انسدادِ منشیات کے حوالے سے مؤثر روابط اور پولیس ٹریننگ کیلئے باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا کے درمیان نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی ملاقات کے دوران طے پایا۔
اس موقع پر غیرقانونی امیگریشن اور جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے مسافروں کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں وزراء نے جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورکس اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے حوالے سے ایم او یو پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور سری لنکا کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں ویزہ سے متعلق ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

Leave feedback about this