گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور استحکامِ پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے مابین معاملات طے پاگئے۔ اطلاعات کے مطابق گلگت بلتستان میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے جاری سیاسی جوڑ توڑ اب اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے، جہاں پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے استحکامِ پاکستان پارٹی کے صوبائی رہنماؤں کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران باضابطہ اتحاد کا اعلان کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ گلگت میں ہونے والی اس پریس کانفرنس میں دونوں جماعتوں کے سینیئر رہنما اسٹیج پر ایک ساتھ نظر آئے، پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید نیئر حسین بخاری اور قمر زمان کائرہ نے خصوصی طور پر شرکت کی، دونوں جماعتوں کی قیادت نے میڈیا کو بتایا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور ایک مستحکم حکومت کے قیام کے لیے استحکامِ پاکستان پارٹی اور پیپلز پارٹی کے مابین تمام امور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے گلگت بلتستان کے وزارتِ وزیراعلیٰ کے نامزد امیدوار امجد حسین ایڈوکیٹ نے نئی حکومت کے وژن پر بات کی، نامزد وزیراعلیٰ امجد حسین ایڈوکیٹ نے حکومت سازی کے عمل میں غیر مشروط حمایت اور سیاسی تعاون فراہم کرنے پر استحکامِ پاکستان پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ یہ نیا سیاسی اتحاد گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور علاقے میں معاشی و انتظامی اصلاحات لانے کے لیے مل کر کام کرے گا۔

Leave feedback about this