محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ تاہم بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں بھی بارش متوقع ہے، جبکہ دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان اور باجوڑ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
اسی طرح کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، جبکہ صوابی، مردان، مالاکنڈ، پارا چنار، کرم اور بنوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ڈی آئی خان، لکی مروت، کرک اور وزیرستان کے علاقوں میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق چند مقامات پر تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ پشاور میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 29 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
گزشتہ رات خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس میں سب سے زیادہ 20 ملی میٹر بارش اپر دیر میں ہوئی۔ میرکھانی میں 17 ملی میٹر، کالام میں 16 ملی میٹر، دروش میں 13 ملی میٹر، جبکہ پٹن میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Leave feedback about this