اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر اس وقت دھوم مچا دی جب انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ اٹلی کے دوران انہیں ‘میلوڈی’ ٹافی کا ایک پیکٹ تحفے میں دینے کی ویڈیو شیئر کی۔
اٹلی کی وزیرِاعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر یہ کلپ پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن لکھا "تحفے کے لیے شکریہ۔” اس کے ساتھ ہی ایک بار پھر انٹرنیٹ پر میلوڈی کا ہیش ٹیگ تیزی سے ٹرینڈ کرنے لگا۔
بھارتی وزیر اعظم کی جانب سے اپنی اطالوی ہم منصب کو دیا جانے والا یہ تحفہ دراصل ان ‘میلوڈی’ میمز کا ایک خوبصورت جواب تھا جو ان دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے وقت سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی ہیں۔ لفظ ‘میلوڈی’ مودی اور میلونی کے ناموں کو ملا کر بنایا گیا ہے۔
اس وائرل ویڈیو نے مودی اور میلونی کی دوستی کے حوالے سے انٹرنیٹ کی دلچسپی میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا ہے، جس کا آغاز پہلی بار 2023 میں کوپ 28 سربراہی اجلاس کے دوران ہوا تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات نے گزشتہ مہینوں میں لاتعداد میمز کو جنم دیا، جو اب باقاعدہ سفارتی ملاقاتوں کا حصہ بن چکے ہیں۔
میلونی کی انسٹاگرام پوسٹ پر صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا کہ یہ ‘میلوڈی ٹافی کی عالمی سطح پر مارکیٹنگ’ ہے، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ‘اب میلوڈی کمپنی کو بہت زیادہ منافع ہونے والا ہے’۔

Leave feedback about this