ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے مئی 2026 کے لیے بین الاقوامی پاسپورٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کی درجہ بندی میں تنزلی دیکھی گئی ہے۔
نئی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ عالمی رینکنگ میں 100 ویں نمبر پر آگیا ہے جبکہ رواں سال فروری میں یہ 97 ویں پوزیشن پر موجود تھا۔ رینکنگ میں اس ردوبدل کے باوجود پاکستانی شہریوں کے لیے دنیا کے 30 ممالک میں ویزا فری سفر، ویزا آن ارائیول یا الیکٹرونک ٹریول اتھارائزیشن کی سہولت اب بھی برقرار ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فروری میں پاکستانی شہریوں کو 32 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل تھی جو اب عالمی سطح پر ویزا پالیسیوں میں تبدیلی اور دوطرفہ سفری انتظامات میں ردوبدل کے باعث محدود ہو کر 30 رہ گئی ہے۔
پاکستان کو جن ممالک میں مکمل ویزا فری سہولت میسر ہے ان میں بارباڈوس، ڈومینیکا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، مونٹسیراٹ، روانڈا، سینٹ وینسنٹ اینڈ گرینیڈائنز، گیمبیا، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، وانواتو، سینیگال، ساموا اور ٹووالو شامل ہیں۔ ان ممالک میں پاکستانی شہری پیشگی ویزا حاصل کیے بغیر داخل ہو سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ برونڈی، کمبوڈیا، کیپ ویرڈے، کومورو جزائر، کوک آئی لینڈز، جبوتی، گنی بساؤ، مڈغاسکر، مالدیپ، نیپال، نیووے، پلاؤ جزائر، سیرا لیون اور ٹیمور لیسٹے میں پاکستانیوں کو پہنچنے پر ویزا جاری کیا جاتا ہے جبکہ کینیا، سیشلز اور سری لنکا کے سفر کے لیے الیکٹرونک ٹریول اتھارائزیشن کا نظام موجود ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی رینکنگ میں تبدیلی کا مطلب سفری آزادی میں یکدم کمی نہیں بلکہ یہ بین الاقوامی سطح پر بدلتی ہوئی پالیسیوں کا عکاس ہوتا ہے۔
ہینلے پاسپورٹ انڈیکس انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کی بنیاد پر دنیا کے 199 پاسپورٹس کی درجہ بندی کرتا ہے اور یہ فہرست 227 مختلف سفری مقامات کے ویزا قوانین کو مدنظر رکھ کر ترتیب دی جاتی ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ درجہ بندی میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستانی شہری اب بھی درجنوں ممالک میں حاصل رعایتی نظام سے مستفید ہو رہے ہیں اور انہیں مختصر سفری دوروں کے لیے متبادل سہولیات دستیاب ہیں۔

Leave feedback about this