ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے دوران موسم کی صورتحال سے متعلق محکمۂ موسمیات نے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے، جبکہ حالیہ موسمی سسٹم کے تحت بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دو روز تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور میں اگلے دو روز تک موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے، تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بالائی اور شمال مشرقی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان موجود ہے۔
کراچی کے موسم سے متعلق انہوں نے کہا کہ شہر میں مئی کے آغاز جیسی شدید گرمی اس وقت نہیں، تاہم درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا اور آئندہ دو روز تک موسم نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے۔
عیدالاضحیٰ کے حوالے سے ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ موجودہ بارشوں کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد گرمی میں بتدریج اضافہ ہوگا، جبکہ عید سے قبل ایک اور بارش برسانے والا سسٹم داخل ہونے کا امکان ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی پیشگوئی کرنا قبل از وقت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ پیشگوئی کے مطابق بارشوں کے بعد ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور عیدالاضحیٰ کے دنوں میں موسم زیادہ گرم رہ سکتا ہے۔
ڈائریکٹر میٹ نے النینو کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر بحرالکاہل میں النینو متحرک ہو جائے تو مون سون کے دوران جنوبی ایشیا میں معمول سے کم بارشیں ہو سکتی ہیں۔
یہ کہ خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنادیا۔محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور مری سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔

Leave feedback about this