پاکستان تازہ ترین

دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی، کور کمانڈرز کانفرنس

دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی، کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے، اُن کے معاون انفرااسٹرکچر کی تباہی اور پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی شر انگیز کارروائی سے روکنے کے لیے موجودہ آپریشنل رفتار برقرار رکھی جائے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 275ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہریوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاری، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا کہ افغان طالبان رجیم حالیہ دنوں میں ایک مسلسل پروپیگنڈا کے تحت پاکستان پر افغانستان کے اندر شہریوں کو نشانہ بنانے کا جھوٹا الزام لگا رہا ہے۔ یہ گمراہ کن بیانیہ افغان طالبان رجیم کی ایک منظم ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خود کو مظلوم پیش کرنے کا ڈرامہ رچانا ہے۔

فورم میں کہا گیا کہ پاکستان ان بے بنیاد الزامات کو واضح طور پر مسترد کر تا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ہماری دفاعی کارروائیاں صرف دراندازوں، دہشتگردوں کے ٹھکانوں اور معاون انفرااسٹرکچر کے خلاف درست اہداف پر مبنی ہیں۔

فورم نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ ابھرتی ہوئی جیو پولیٹیکل پیش رفت علاقائی استحکام پر گہرا اثر ڈال سکتی ہیں۔

کور کمانڈرز کانفرنس میں علاقائی کشیدگی سے بچاؤ اور تحمل اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان مسلسل ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطہ میں استحکام کے فروغ اور صورتحال کو مزید خراب ہونے سے روکنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خطہ میں امن اور استحکام کا دار و مدار باہمی تحمل، ذمہ داری اور خود مختاری کے احترام پر مبنی ہے۔

فیلڈ مارشل نے "معرکۂ حق” کا یادگار سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کو مبارکباد پیش کی اور اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ "معرکہ حق قومی اتحاد، اجتماعی عزم اور پاکستان کی خود مختاری کے ہر قیمت پر تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتا ہے”، معرکہ ٔ حق عوام، حکومت اور افواجِ پاکستان کے درمیان غیر متزلزل ہم آہنگی کی علامت ہے، جو تمام اندرونی و بیرونی چیلنجز کے مدِمقابل بنیان مرصوص کی مانند یکجا کھڑی ہیں۔

Leave feedback about this

  • Quality
  • Price
  • Service

PROS

+
Add Field

CONS

+
Add Field
Choose Image