دھمکیوں سے میرے جیسا بندہ خاموش ہونے والا نہیں، محسن نقوی کو جوابی دلیل دینی چاہیے،سینٹررانا ثنااللہ کا محسن نقوی کو جواب
وفاقی مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ محسن نقوی کیا قائداعظم ہیں کہ میں ان کی ذات اور افکار پر تبصرے کروں گا، دھمکیوں سے میرے جیسا بندہ خاموش ہونے والا نہیں، محسن نقوی کو جوابی دلیل دینی چاہیے، میں نے کبھی ان کی ذات کے حوالے سے بات نہیں کی اور نہ ہی کروں گا، البتہ ان کی کارگزاری اور ورکنگ پر ایک کولیگ اور سیاسی ورکر ہونے کے ناطے اپنی رائے کا اظہار میرا بھی حق ہے اور دوسروں کا بھی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب بھی محسن نقوی کے بارے میں رائے کا اظہار کیا ہے، ہمیشہ احترام کے ساتھ کیا ہے، میرا اعتراض صرف اس بات پر تھا کہ اس معاملے پر بات کرنے کے لیے غلط فورم کا انتخاب کیا گیا، ان کی تقریر میں بالکل غیر متعلقہ باتیں کی گئیں اور وزیراعظم کے متعلق گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ فیلڈ مارشل کے حوالے سے بھی اشاروں کنایوں میں بات منسوب کی گئی، جس پر میں نے اعتراض اور اختلاف کیا۔
وفاقی مشیر کا کہنا تھا کہ میرا مؤقف ہے کہ اس معاملے کو پارلیمنٹ میں آنا چاہیے تھا اور پارلیمنٹ میں اتفاقِ رائے کے بغیر اسے آگے نہیں بڑھنا چاہیے تھا، غلط فورم کے انتخاب نے اس معاملے کو متنازع بنا دیا، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزرا اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں تو میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں، تاہم میری رائے یہی ہے کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بات ہونی چاہیے تھی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ محسن نقوی کی ذات پر کبھی بات نہیں کی، البتہ ان کی کارکردگی اور ورکنگ پر بطور سیاسی کارکن اپنی رائے کے اظہار کا حق رکھتے ہیں، اس معاملے پر گفتگو کے لیے پارلیمنٹ کے بجائے غلط فورم کا انتخاب کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے محسن نقوی کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو چار ماہ بعد کہہ رہے ہیں کہ ان سے کسی نے بات ہی نہیں کی، صدر آصف علی زرداری بھی کہتے ہیں کہ ان سے یہ معاملہ ڈسکس نہیں ہوا، اگر محسن نقوی ہر وقت وہاں موجود ہونے کے باوجود بلاول بھٹو اور آصف زرداری کو اعتماد میں نہیں لے سکے تو پھر وہ کیا کر رہے تھے؟ یہ ان کی مکمل ناکامی ہے۔
وفاقی مشیر نے مزید کہا کہ مجھے احترام کے ساتھ اپنی رائے رکھنے کا حق حاصل ہے، اگر ان کے پاس کوئی جوابی دلیل ہے تو سامنے لائیں، اس طرح دھمکیاں دینے سے میرے جیسا بندہ خاموش ہونے والا نہیں ہے، اتنا شارٹ ٹمپر ہونے کی کیا ضرورت ہے کہ میں یہ کر دوں گا، وہ کر دوں گا۔





