Roze News

دانش تیمور اور عائزہ خان کی طلاق کی خبریں، اداکار نے خاموشی توڑ دی

دانش تیمور

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

پاکستان کے معروف اداکار دانش تیمور نے حال ہی میں امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی جہاں گفتگو کے دوران ان سے اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان کی غیر موجودگی اور دونوں کے ایک ساتھ ڈرامے میں کام کرنے سے متعلق سوالات کیے گئے۔ تقریب کے میزبان نے دانش تیمور کو یاد دلایا کہ گزشتہ برس بھی ان سے یہی سوال کیا گیا تھا کہ وہ عائزہ خان کے ساتھ کسی ڈرامے میں کب نظر آئیں گے؟۔

اس پر اداکار کا کہنا تھا کہ ان سے اکثر یہ سوال کیا جاتا ہے کہ دونوں ایک ساتھ کسی ڈرامے میں کب کام کریں گے تاہم وہ ہمیشہ یہی جواب دیتے ہیں کہ وہ ایک اچھی کہانی اور مضبوط اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔ دانش تیمور کے مطابق محض اس وجہ سے ایک ساتھ ڈرامہ کرنا مناسب نہیں کہ دونوں حقیقی زندگی میں میاں بیوی ہیں بلکہ کسی بھی مشترکہ پروجیکٹ کے لیے معیاری کہانی کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے عائزہ خان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو بھی سراہتے ہوئے انہیں ایک بہترین اداکارہ قرار دیا۔ دورانِ گفتگو عائزہ خان کی غیر موجودگی سے متعلق سوال پر دانش تیمور نے واضح کیا کہ الحمدللہ دونوں اب بھی ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عائزہ خان ان دنوں اپنی آنے والی فلم میں مصروف ہیں جس کی کچھ باقی شوٹنگ اور پیچ ورک مکمل ہونا باقی ہے۔

دوسری جانب دانش تیمور کے اس بیان کے باوجود سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بعض مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ اگر دونوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے تو وہ تقریبات میں ایک ساتھ کیوں دکھائی نہیں دیتے؟ایک صارف نے سوال کیا کہ اگر دونوں ساتھ ہیں تو پھر ایک دوسرے کے ساتھ تقریبات میں شرکت کیوں نہیں کرتے؟ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ دونوں کی طلاق سے متعلق افواہیں کافی عرصے سے گردش کر رہی ہیں لیکن نہ تو وہ ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہیں اور نہ ہی اپنی خاندانی زندگی کے حوالے سے کوئی اپڈیٹ دیتے ہیں۔ کچھ صارفین نے دانش تیمور کے جواب کو غیر تسلی بخش اور مشکوک قرار دیا جبکہ کئی مداحوں نے ان کے بیان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے خوشی ظاہر کی کہ اداکار نے خود واضح کیا ہے کہ وہ اور عائزہ خان اب بھی ایک ساتھ ہیں۔