لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔ عمران خان کی تین بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو ستمبر میں اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب پاکستان تحریک انصاف اپنے مطالبات کے حق میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔ تاہم نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 12 نومبر کو کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا تھا جبکہ علیمہ خان اب تک جیل میں ہیں۔ علیمہ خان کو 20 ستمبر جبکہ عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو 21 ستمبر کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) آرڈیننس 1960 کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔
ابتدائی طور پر اُن کی نظر بندی 30 دن کے لیے تھی، تاہم 7 اکتوبر کو اس میں مزید 30 دن کی توسیع کی گئی۔ یہ بھی پڑھیں:روسی جنگی طیاروں کی آمد پراہم ملک میں ہنگامی سائرن بج اٹھے، شہری خوفزدہ جسٹس عبہر گل خان نے نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر لاہور علی اعجاز عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ دونوں بہنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ دورانِ سماعت جسٹس عبہر گل خان نے ڈی سی لاہور سے استفسار کیا کہ کیا دونوں بہنیں رہا ہو کر گھر چلی گئی ہیں؟ جس پر ڈپٹی کمشنر نے جواب دیا کہ دونوں کو رہا کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا چکی ہیں۔
بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ڈی سی لاہور کمرہ عدالت سے روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل نے کہا کہ انہیں ڈپٹی کمشنر لاہور سے کچھ گزارشات کرنی ہیں، تاہم وہ کمرہ عدالت سے جا چکے ہیں۔ اس پر جسٹس عبہر گل خان نے ریمارکس دیے کہ ڈی سی لاہور شاید آپ سے خوفزدہ ہیں، اس لیے چلے گئے ہیں۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر کے بیان کی روشنی میں دونوں درخواستیں نمٹا دیں۔ واضح رہے کہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا، درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ دونوں خواتین کو غیر قانونی طور پر نظر بند کیا گیا ہے۔ عدالت نظر بندی کے احکامات کا جائزہ لے کر دونوں کی رہائی کے احکامات جاری کرے۔





