Roze News

بیرون ملک ملازمت تلاش کرنے والے پاکستانیوں کیلیے اہم خبر

بیرون ملک ملازمت

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

بیرون ملک ملازمت تلاش کرنے والے پاکستانیوں کیلیے سرکاری جابز پورٹل موجود ہے جہاں وہ مطلوبہ آسامی کی تفصیلات باآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی ویب سائٹ پر ہزاروں کی تعداد میں بیرون ملک ملازمت کی خالی آسامیاں موجود ہوتی ہیں، ویب سائٹ کے ذریعے ریکروٹنگ ایجنسی کی طرف سے پیش کردہ کسی بھی جاب کی تصدیق یا تلاش کی جا سکتی ہے۔پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس لائسنس یافتہ ریکروٹنگ ایجنسی کو متعلقہ ایمپلائر کی طرف سے ایمیگریشن رولز 1979 میں بیان کیے گئے اداروں (پاکستانی سفارتخانے، یا متعلقہ ملک کی وزارتِ خارجہ، یا اس ملک کے پاکستان میں موجود سفارتخانے) میں سے کسی ایک سے تصدیق شدہ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد اس ریکروٹنگ ایجنسی کو ایک مخصوص مدت کیلیے ان آسامیوں کیلیے بھرتی کا اجازت نامہ (پرمیشن) جاری کرتا ہے۔ ہر اجازت نامے کا ایک منفرد نمبر ہوتا ہے جس کا بھرتی کرنے کیلیے دیے گئے ہر اشتہار میں ذکر کرنا لازمی ہے۔

جیسے ہی یہ اجازت نامہ جاری کیا جاتا ہے ایک خودکار طریقہ کار کے تحت اس مخصوص مدت کیلیے یہ آسامیاں ایک پرمیشن ٹریکنگ نمبر PTN کے تحت بیورو آف ایمیگریشن کی ویب سائٹ پر ظاہر ہو جاتی ہیں اور یہ مدت ختم ہوتے ہی یا بھرتی مکمل ہوتے ہیں خود بخود وہاں سے ہٹ جاتی ہیں۔ان آسامیوں پر بھرتی کیے گئے افراد کی ملازمت کی مکمل ذمہ داری متعلقہ ریکروٹنگ ایجنسی کی ہوتی ہے جس کے خلاف شکایت بیورو آف ایمیگریشن یا پروٹیکٹر آف ایمیگرنٹس کو کی جا سکتی ہے۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے جابز پورٹل پر جانے کیلیے لنک پر کلک کریں۔