پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اختیار ولی کی جانب سے ایک دن میں چار ارب روپے کا سونا نکالے جانے کا الزام مضحکہ خیز قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے کہتے ہیں پہلے تولو پھر بولو، نقل کے لیے عقل کی ضرورت ہوتی ہے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی پورے سال کی ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن صرف 150 ارب روپے ہے۔ اگر ایک دن میں چار ارب روپے کی آمدن ہورہی ہے تو یہ ٹھیکہ اختیار ولی کو ملنا چاہیے۔ وہ 500 ارب روپے صوبے کو اور 500 ارب وفاق کو دے کر باقی رقم خود رکھ لیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کی سالانہ آمدن 1500 ارب روپے ہوتی تو خیبر پختونخوا پیرس بنا ہوتا۔ حکومت بھونڈے طریقے سے پی ٹی آئی کا میڈیا ٹرائل بند کرے، جھوٹ بریگیڈ کو پی ٹی آئی کے خلاف نئے نئے بیانیے بنانے پر لگا دیا گیا ہے۔شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پہلے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عدم تعاون، پھر کرپشن اور اب غیر قانونی مائنز کے الزامات افسوسناک ہیں۔
جھوٹ بریگیڈ کے پاس کرپشن اور غیر قانونی مائنز کے ثبوت ہیں تو سامنے لائے۔انہوں نے کہا کہ 80 فیصد سونا افغانستان اسمگل ہونے کا الزام بہت بڑا الزام ہے۔ قدرتی معدنیات سے صوبے کے وسائل میں اضافہ کرنا غیر قانونی نہیں، اگر صوبے میں سائنسی کان کنی کے لیے سرمایہ کار آتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے۔





