Roze News

شیر کے حملے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے فارم ہاؤس مالک اور ٹک ٹاکر کو معاف کردیا،

شیر کے حملے میں جاں بحق نوجوان کے ورثا نے فارم ہاؤس مالک اور ٹک ٹاکر کو معاف کردیا،

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

قانونی ورثاء نے ناصرف بیان دیا بلکہ بیانِ حلفی بھی جمع کرایا، سرکاری وکیل نے راضی نامے کی مخالفت کرتے ہوئے ریمانڈ کا مطالبہ کیا، عدالت کا دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم

لاہور کے علاقے کاہنہ میں پالتو شیر کے حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان طلحہٰ کے ورثاء نے اللہ کی رضا کی خاطر دونوں گرفتار ملزمان کو معاف کردیا، جس کے بعد ماڈل ٹاؤن کچہری نے ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقے کاہنہ میں شیر کے حملے سے جاں بحق ہونے والے بدقسمت نوجوان طلحہٰ کے ورثاء نے عدالت میں پیش ہو کر باضابطہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا، ورثاء نے عدالت کے روبرو بیان دیا کہ وہ اپنے پیارے کی موت کے واقعے پر ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو اللہ کی رضا کی خاطر معاف کرتے ہیں اور انہیں اس معاملے پر کوئی قانونی کارروائی یا مقدمہ مزید نہیں چلانا۔

بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ قیصر ریاض نے شیر کے حملے میں شہری کی ہلاکت کے اس مقدمے کی سماعت کی، سماعت کے دوران پولیس نے دونوں گرفتار ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جانی ہے، اس لیے عدالت انہیں 7 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرے۔

معلوم ہوا ہے کہ عدالتی حکم نامے کے تحت دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے فریقین کے مابین صلح یا راضی نامے کی شدید مخالفت کی اور اصرار کیا کہ تفتیش کے لیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے، تاہم مقتول طلحہٰ کے قانونی ورثاء نے نا صرف زبانی بیان ریکارڈ کرایا بلکہ عدالت میں باقاعدہ ایک بیانِ حلفی بھی جمع کرایا جس میں ملزمان کی معافی کی تصدیق کی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ عدالت نے ورثاء کی جانب سے دی جانے والی معافی اور بیانِ حلفی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو باضابطہ طور پر مسترد کردیا، عدالت نے مقدمے کی نوعیت اور فریقین کے مابین صلح کی بنیاد پر دونوں ملزمان فیاض احمد اور نعمان حسن کے 50، 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا اور ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کردیا۔