تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکہ کا آئرن گیٹ منصوبہ محض الفاظ کا کھیل ہے۔ترجمان حسین محبی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں اُن کا کہنا تھا کہ ایران کا زمینی راستوں سے محاصرہ کرنے کا امریکی منصوبہ بھی غیر اہم ہے۔حسین محبی کا کہنا تھا کہ امریکا مختلف عنوانات اور منصوبوں کے تحت ایران کا معاشی محاصرہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن وہ ناکام رہے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور ان روابط کے لیے ہمارے پاس مختلف راستے موجود ہیں؛ امریکا اتنا کمزور ہے کہ وہ ان راستوں کو بند نہیں کر سکتا۔خیال رہے کہ ایران کے کئی ماہ تک جاری رہنے والے بحری محاصرے کے بعد امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا حکم دیا تھا، اس کا مقصد زمینی سرحدوں اور بحیرہ کیسپیئن کے راستے جدید ہتھیاروں کے نظام اور دیگر پابندی زدہ ایرانی اشیاء کی نقل و حمل کو محدود کرنا ہے۔
آئرن گیٹ کہلانے والی اس خصوصی ٹاسک فورس میں تقریباً 20 فوجی اور سویلین اہلکار شامل ہوں گے، اس کا مرکز فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں ہوگا اور یہ اپنی سرگرمیوں کے حوالے سے امریکی حکومت کے دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ اور ہم آہنگی رکھے گی۔





