Roze News

ترک صدر اور ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، ایران امریکا کشیدگی اور یوکرین جنگ پر گفتگو

ٹیلیفونک رابطہ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، ایران امریکا کشیدگی، روس یوکرین جنگ اور عالمی و علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک ایوان صدر کے شعبہ اطلاعات کے مطابق ہفتے کو ہونے والی گفتگو میں صدر اردوان نے امریکا کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک آنے والے عرصے میں دوطرفہ تعلقات کو نئی رفتار دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

اس موقع پر ترک صدر نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ خطے میں امن کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے صدر اردوان نے امید ظاہر کی کہ سفارتی کوششوں میں تیزی سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ جنگ کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور کیف اور ماسکو دونوں کے ساتھ روابط بڑھانے کی اہمیت برقرار ہے۔