Roze News

ٹرمپ کا سیاسی انتقام لینے اور دھمکیاں دینے پر ڈیموکریٹس کے خلاف تحقیقات کا حکم

ٹرمپ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر سیاسی انتقام لینے، ری پبلکن رہنماؤں اور ان کے حامیوں کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دینے اور قانون کو سیاسی مخالفین کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ انصاف کو مبینہ مجرمانہ اقدامات کی فوری تحقیقات کا حکم دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ڈیموکریٹس کئی افراد کو مواخذے اور مختلف سزاؤں کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اٹارنی جنرل سمیت متعدد افراد کے خلاف مواخذے کی دھمکیاں بھی بلاجواز ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے طرزِ عمل کو اعلیٰ سطح کی بھتہ خوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے اقدامات پر جوابدہ ہونا چاہیے، ری پبلکن ڈونرز کو محض سیاسی وابستگی کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ ری پبلکنز اور ان کے حامیوں کو جیل بھیجنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

امریکی صدر نے سینیٹر ایلیسا سلاٹکن کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ ری پبلکن نظریات رکھنے والے نوجوانوں کو بھی نشانہ بنانے کی بات کر رہی ہیں، سزا ان افراد کو ملنی چاہیے جو دوسروں کو غیر قانونی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ٹرمپ نے مزید الزام عائد کیا کہ ڈیموکریٹک رہنماؤں نے بے گناہ افراد کو دھمکی آمیز خطوط بھیجے ہیں، انہوں نے اعلان کیا کہ محکمہ انصاف کو ڈیموکریٹس کے مبینہ مجرمانہ اقدامات کی فوری تحقیقات کا حکم دے رہے ہیں۔