Roze News

آبنائے ہرمز کی سکیورٹی کے لیے جنوبی کوریا بھی میدان میں آگیا، بحری مشن تعینات کرنے کا فیصلہ

hormuz

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

سیئول: جنوبی کوریا نے آبنائے ہرمز کے قریب سمندری راستے کو کھلا اور محفوظ رکھنے کی کوششوں میں مدد کے لیے بحری نگرانی کے طیارے اور دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے والی ٹیم تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ حکومت نے اپنے چیونگہے بحری قزاقی مخالف یونٹ کے آپریشنل دائرے کو وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ یونٹ اس وقت آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے جنوب میں سمندری حدود میں سرگرم ہے۔

وزارتِ دفاع کے مطابق اس مشن کے تحت بحری نگرانی کے طیارے اور دھماکا خیز مواد ناکارہ بنانے کے ماہرین کی ٹیم علاقے میں تعینات کی جائے گی، تاکہ اہم آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت کو محفوظ رکھنے میں معاونت کی جاسکے۔

آبنائے ہرمز خلیج فارس کو خلیج عمان اور بحیرہ عرب سے ملاتی ہے اور عالمی تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ سمجھی جاتی ہے۔ اس کے ذریعے گزرنے والے بحری جہازوں کی حفاظت اور آمدورفت کی بحالی عالمی توانائی کی منڈی اور تجارت کے لیے اہمیت رکھتی ہے۔

جنوبی کوریا کے اس فیصلے کا مقصد آبنائے ہرمز کے قریب سمندری سکیورٹی کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔