اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان کی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم کو قانونی خلاف ورزیوں پر سی ڈی اے کا نوٹس جاری کر دیا گیا۔کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف بلڈنگ کنٹرول (ساؤتھ) کی جانب سے جے یو آئی (ف) سے منسلک مدرسہ اختر العلوم اسلام آباد کی عمارت تعمیراتی نقشوں کی منظوری حاصل کیے بغیر تعمیر کرنے پر باضابطہ نوٹس جاری کیا گیا ہے۔سی ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023) کی خلاف ورزی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
سی ڈی اے نے مدرسے کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نوٹس کے اجراء کی تاریخ سے 15 دن کے اندر عمارت کے تعمیراتی نقشے متعلقہ اتھارٹی میں جمع کروائے جائیں، بصورتِ دیگر سی ڈی اے آرڈیننس اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز 2020 (ترمیم شدہ 2023) کی متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سی ڈی اے کے نوٹس میں مزید خبردار کیا گیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں مدرسے کی عمارت کو سیل کیا جا سکتا ہے۔





