Roze News

پاکستان پوسٹ میں ہزاروں بھرتیوں کامعاملہ، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو نوٹس جاری

پاکستان پوسٹ میں ہزاروں بھرتیوں کامعاملہ، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو نوٹس جاری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

پاکستان پوسٹ میں 4 ہزار 252 بھرتیوں کے معاملے پر نیب نے مولانافضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیرمواصلات اسعد محمود کونوٹس جاری کردیا۔ 10 نومبر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا گیا۔نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کے دور وزارت میں پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کی تحقیقات شروع کردیں، سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کو غیر قانونی بھرتیوں کے الزامات پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا گیا۔

نیب تحقیقات میں منظور شدہ 2 ہزار 646 اسامیوں کے بجائے 4 ہزار 252 بھرتیوں کا الزام ہے، پاکستان پوسٹ میں 4 ہزار 252 بھرتیوں کا معاملے پر پوچھ گچھ ہوگی۔پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 اسامیوں کی اجازت، بھرتیاں 4 ہزار 252 کیسے ہوئیں؟ نیب نوٹس میں کابینہ کی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھرتیوں کا الزام ہے۔پاکستان پوسٹ میں کنٹریکٹ کے بجائے مستقل بنیادوں پر بھرتیوں کا معاملہ بھی نیب تحقیقات میں شامل ہے، بھرتیوں میں سیاسی وابستگیوں، جعلی دستاویزات اور عمر کی حد سے تجاوز کے الزامات ہیں۔

ڈومیسائل کوٹہ کی خلاف ورزیوں سمیت متعدد الزامات پر سابق وزیر سے جواب طلب کرلیا گیا ہے، نیب نے اسد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کردی۔واضح رہے کہ پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں پر اسعد محمود کو ایف آئی اے میں بھی طلب کیا گیا تھا، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے اسعد محمود کو2 نومبر کو طلب کیا تھا، اسعد محمود نوٹس ملنے کے باوجود 2 نومبر کو ایف آئی اے میں پیش نہیں ہوئے تھے۔