امریکی محکمہ دفاع نے ایران جنگ سے متعلق فوجی کارروائیوں کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد میں 2 کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد یہ تعداد 23 ہوگئی ہے۔
امریکی اخبار کے مطابق پینٹاگون کے رپورٹنگ ڈیٹا بیس ‘ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم’ میں بدھ اور جمعرات کو کی جانے والی اپ ڈیٹس میں ان ہلاکتوں کو شامل کیا گیا ہے جن میں غیر جنگی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کے علاوہ اب تک اس تنازع میں 865 امریکی فوجی زخمی بھی ہو چکے ہیں۔
امریکی فوج نے ایران جنگ کے دوران ہونے والے جانی نقصان کو دو مختلف زمروں میں تقسیم کیا ہے۔
پینٹاگون کی جانب سے 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر مشترکہ حملوں کی صورت میں شروع ہونے والے آپریشن ایپک فیوری میں 15 ہلاکتیں اور 417 فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
پینٹاگون نے 7 جولائی کے بعد ہونے والی کارروائیوں کو ‘اوور سیز آپریشنز’ میں شامل کیا ہے اور ان کارروائیوں کے دوران اب تک 8 ہلاکتوں اور 448 اہلکاروں کے زخمی ہونے کا اندراج کیا گیا ہے۔





