Roze News

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اورگورنر راج رول بیک کرانے کیلئے کردارادا کرے گی: بیرسٹرگوہر

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اورگورنر راج رول بیک کرانے کیلئے کردارادا کرے گی: بیرسٹرگوہر

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اورگورنر راج رول بیک کرانے کیلئے کردارادا کرے گی۔ 

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس  میں 70 ایم این ایز اور سینیٹرز نے شرکت کی، پارلیمانی پارٹی نے قیادت اور دونوں اپوزیشن لیڈرز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا جب کہ  سہیل آفریدی کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ 

انہوں نے کہا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کی شدید مذمت کی، گورنر راج سے پیدا ہونے والے خلا پر بھی غور ہوا جس کے بعد  سفارشات دونوں اپوزیشن لیڈرز کو بھجوا دی گئی ہیں، منظوری کے بعد سفارشات حتمی ہوں گی، پارلیمانی پارٹی ایمرجنسی اورگورنر راج رول بیک کرانےکے لیےکردارادا کرےگی۔ 

بیرسٹر گوہر  کا کہنا تھاکہ 28 ویں ترمیم ایجنڈے میں شامل تھی نہ اس پربحث ہوئی، 28 ویں ترمیم پر کوئی فیصلہ یا تجویز سامنےنہیں آئی، اس حوالے سے  پارٹی کا مؤقف پہلے سے واضح ہے کہ متنازع قانون سازی سے گریز کیا جائے۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جلد بازی میں قانون سازی سے مزید بحران پیدا ہوسکتا ہے، عوام کی مرضی کے بغیرصوبوں کی تقسیم نہیں ہونی چاہیے، نئے صوبے بنانے کا فیصلہ عوام کی مرضی سے ہونا چاہیے، صوبوں کے معاملے پر قومی اتفاق رائےضروری ہے۔