اسپین میں دو تیز رفتار ٹرینوں کے ہولناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 64 افراد ہلاک جبکہ درجنوں شدید زخمی ہوگئے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے جنوب میں پیش آنے والے حادثے میں ایک تیز رفتار ٹرین زوردار دھماکے کے ساتھ دوسری ٹرین سے ٹکرا گئی۔
مقامی حکام کے مطابق حادثے میں شامل دونوں ٹرینوں میں 500 سے زائد مسافر سوار تھے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں جبکہ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جائے حادثہ پر تباہ شدہ ٹرینوں کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے ٹرین حادثے پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین اور زخمیوں سے اظہار افسوس کیا۔
حادثے میں بچ جانے والے ایک 17 سالہ نوجوان نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے بعد ہر طرف افراتفری پھیل گئی تھی اور وہ منظر کسی خوفناک تباہی سے کم نہ تھا۔
حکام کے مطابق ہلاکتوں کی موجودہ تعداد اسپین میں 2013 کے بعد کسی ریلوے حادثے میں سب سے زیادہ ہے۔ 2013 میں شمال مغربی اسپین میں ایک ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی جس کے نتیجے میں 80 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
متعلقہ حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جبکہ امدادی ادارے زخمیوں کی مدد اور متاثرہ مسافروں کے اہل خانہ سے رابطے کے لیے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔





