ایران روس کے ساتھ فوجی معاونت ختم کرے، یورپ کا مطالبہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے ایران سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کی فوجی حمایت ختم کرے۔
یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے منگل کو کہا کہ ان کی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے بات ہوئی ہے، اور انھوں نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ فوجی معاونت ختم کرے۔
کاجا کالاس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ’’آج میری ایرانی وزیرِ خارجہ عراقچی سے ٹیلی فون پر خلیج کی صورتِ حال کے ساتھ ساتھ یوکرین کے خلاف روس کی جنگ پر بھی بات ہوئی، جسے ماسکو نے حالیہ دنوں میں مزید شدت دے دی ہے۔ خلیج میں لڑائی میں آنے والا وقفہ ثالثوں کو یہ موقع دے سکتا ہے کہ وہ سفارت کاری کی طرف واپسی کا راستہ تلاش کریں اور مکمل جنگ کے دوبارہ آغاز کو روکیں۔‘‘
کالاس نے مزید کہا ’’میں نے واضح کر دیا کہ تہران میں فرانسیسی سفارت کاروں کے خلاف جارحانہ کارروائی ناقابلِ قبول ہے۔ یورپی یونین کے تمام رکن ممالک نے ان اقدامات کی مذمت کی ہے۔‘‘
انھوں نے کہا یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ یوکرین کے وزیرِ خارجہ آندری سیبیہا نے کہا ہے کہ ان کی بھی عراقچی سے بات ہوئی ہے۔ کالاس نے مزید کہا ’’ماسکو یوکرین میں شہری ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے، اور اسے جو بھی فوجی سامان فراہم کیا جاتا ہے، وہ مزید شہریوں کے قتل میں اس کی مدد کرتا ہے۔ یوکرین کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔‘‘

Leave feedback about this