قتل کیے جانے والے تمام مزدور چمالنگ کول مائنز میں محنت مزدوری کرتے تھے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے میں ملوث ملزموں کی تلاش کا آغاز کردیا گیا
بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل جاندران کے علاقے ہوسڑی میں نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کے بعد 11 مزدوروں کو بے دردی سے فائرنگ کرکے قتل کردیا، واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق خونریزی کا یہ واقعہ ضلع کوہلو کی تحصیل جاندران کے علاقے ہوسڑی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے مزدوروں کو اغواء کرنے کے بعد موت کے گھاٹ اتار دیا، قتل کیے جانے والے تمام 11 مزدور چمالنگ کول مائنز میں محنت مزدوری کرتے تھے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں سے تین کا تعلق دکی، ایک کا سنجاوی اور سات مزدوروں کا تعلق افغانستان سے ہے، مقتولین کی شناخت جن ناموں سے ہوئی، ان میں دکی سے تعلق رکھنے والے مقتولین میں محمد خالد، گل محمد اور نیاز محمد شامل ہیں، سنجاوی سے تعلق رکھنے والے مقتول محمد حسن اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مقتولین کے نام عصمت اللہ، فیروز خان، جار اللہ، عبد الناصر، عبد الکبیر، عبد الرحمان اور خان ہیں۔
ایس پی کوہلو طیب اقبال نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور مقتولین کی میتیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے گئے، سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے میں ملوث ملزموں کی تلاش جاری ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کوہلو میں مزدوروں کی گاڑیوں پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی، فائرنگ کے واقعے میں 11 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا، محسن نقوی نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا ہے کہ معصوم مزدوروں کو نشانہ بنانا بدترین سفاکیت ہے، فائرنگ کرنے والے درندہ صفت عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔





