Roze News

ہمارے پاس پیسے نہیں، پیٹرول اور روٹی پر سبسڈی ختم، لوڈشیڈنگ بھی ہوگی؛ ایرانی صدر

ہمارے پاس پیسے نہیں، پیٹرول اور روٹی پر سبسڈی ختم، لوڈشیڈنگ بھی ہوگی؛ ایرانی صدر

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ایرانی صدر نے معاشی مشکلات کے باعث سبسڈی میں کٹوتی کو خاموش جنگ قرار دیدیا

امریکا کے بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ اور بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے جس سے نمٹنے کے لیے حکومت نے بجلی کی راشننگ شروع کر دی ہے اور روٹی و پیٹرول پر دی جانے والی سرکاری سبسڈی میں کمی کر دی۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ایران کو اس موسم سرما میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔بجلی کی بندش روزانہ دو گھنٹے تک ہوگی لیکن سردی بڑھنے کے ساتھ اس کا دورانیہ مزید بڑھایا جا سکتا ہے۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب ایرانی حکومت کو بخوبی علم ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی معاشی گھیراؤ کی حکمت عملی کا مقصد عوام میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔

صدر پزشکیان نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں یہ بھی اعتراف کیا کہ ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو خاموش جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ میزائلوں والی جنگ سے کہیں زیادہ مشکل ہے یہ معاشی جنگ ہے اور یہ کوئی آسان لڑائی نہیں۔

رپورٹس کے مطابق بجلی کی راشننگ 22 نومبر سے شروع ہوئی جب پاور پلانٹس میں ایندھن کی قلت پیدا ہو گئی۔ ایرانی حکام نے اس کی وجہ جنگ کے دوران گیس کے بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والا نقصان بتایا ہے۔

دوسری جانب کم از کم تین صوبوں مرکزی، خوزستان اور زنجان میں سبسڈی والی روٹی کی خریداری پر حد مقرر کر دی گئی ہے۔ ماہانہ کوٹہ ختم ہونے کے بعد شہریوں کو روٹی پانچ گنا زیادہ قیمت پر خریدنی پڑ رہی ہے۔

گزشتہ ماہ لاکھوں افراد کو ریاستی فوڈ واؤچر پروگرام سے بھی نکال دیا گیا تھا، جو جنوری میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ تنخواہوں میں اضافے کے منصوبے بھی روک دیے گئے ہیں۔

ایرانی عوام کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ نقصان پیٹرول پر سبسڈی میں کٹوتی سے ہوا ہے۔ تہران میں ایک خاتون چھوٹی کاروباری شخصیت نے بتایا کہ ایندھن کی سبسڈی ختم ہونے سے ان کے منافع میں تقریباً ایک تہائی کمی آ گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایران میں خوراک و مشروبات کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 110 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کو ہر ماہ تقریباً 3 سے 4 ارب ڈالر کے تیل کی آمدنی سے محروم ہونا پڑ رہا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال ایرانی معیشت میں کم از کم 4 فیصد کمی آسکتی ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کی اقتصادی کمیٹی کے سربراہ نے بھی سرکاری میڈیا پر خبردار کیا ہے کہ اس موسم سرما میں ایندھن اور حرارت کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔