Roze News

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی زمین پر واپسی؛ استقبال کی تیاریاں جاری

پاکستانی خلاباز محمد ذیشان علی کی زمین پر واپسی؛ استقبال کی تیاریاں جاری

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

پاکستانی خلاباز ذیشان علی تاریخی مشن مکمل کر کے آج رات زمین پر لینڈ کریں گے

پاکستان کے پہلے خلاباز ذیشان علی اپنا تاریخی خلائی مشن مکمل کرنے کے بعد چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے آج رات زمین کی جانب واپسی کا سفر شروع کریں گے۔

چین کے سرکاری خبر رساں گلوبل ٹائمز کے مطابق چین کے خلائی مشن کے ساتھ خلا میں موجود پاکستانی خلاباز ذیشان علی نے اپنا تفویض کردہ سائنسی تجربہ مکمل کر لیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ذیشان علی چین کے دیگر دو خلابازوں ژانگ ژی یوان اور لی جیا ینگ کے ہمراہ چین کے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ سے خلائی جہاز پر زمین کی جانب روانہ ہوں گے اور شمالی چین کے ڈونگ فینگ میں لینڈ کریں گے۔

حکام کے مطابق پاکستانی خلاباز ذیشان علی کی واپسی کا عمل آج رات 9 بجے شروع ہو گا اور وہ رات تقریباً 2 بجے کے قریب زمین پر پہنچیں گے۔

چینی خلائی ایجنسی کے مطابق زمین کی جانب واپس آنے والے تمام خلاباز اپنے طے شدہ فرائض مکمل کر چکے ہیں، جبکہ ڈونگ فینگ لینڈنگ سائٹ اور متعلقہ تکنیکی نظاموں پر ان کی بحفاظت واپسی کے لیے آخری تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔

واپسی کے سفر میں ژانگ ژی یوان مشن کے کمانڈر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے جب کہ چینی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ واپس آنے والے خلاباز تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے زمین کے لیے کچھ ’پراسرار تحائف‘ بھی اپنے ساتھ لائیں گے۔

دوسری جانب ’شینژو 23‘ مشن کے خلاباز ژو یانگ ژو خلائی اسٹیشن پر قیام جاری رکھیں گے۔ وہ پہلے ہی ایک سالہ قیام کے تجربے کے سلسلے میں چھ ماہ خلا میں گزار چکے ہیں۔

ان کے ہمراہ ’شینژو 24‘ مشن کے کمانڈر تانگ ہونگ بو اور خلاباز وو یی بھی خلائی اسٹیشن پر موجود رہیں گے۔

پاک فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی زمین کے مدار میں داخل ہونے والے پہلے پاکستانی اور تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز ہیں۔ وہ 25 نومبر کو چین کے ’شینژو 24‘ خلائی جہاز کے ذریعے خلا کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔