انتظامیہ سربراہ جے یو آئی ف کی صحت یابی کیلئے بہترین طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے؛ ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اچانک طبیعت ناساز ہونے پر ابتدائی طبی معائنے کے بعد انہیں ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کر دیا گیا۔
دفتر ڈپٹی کمشنر ملتان سے جاری سرکاری پریس ریلیز کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی، جس کے بعد ڈاکٹروں کی جانب سے ان کا ابتدائی طبی معائنہ کیا گیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان نے بتایا کہ ابتدائی طبی معائنے کے بعد حفظِ ما تقدم کے طور پر مولانا فضل الرحمان کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ماہر امراضِ قلب اور سینئر ڈاکٹروں کی زیرِ نگرانی ان کے مزید ضروری طبی ٹیسٹ اور مکمل معائنہ کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے جاری بیان میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان کی جلد صحت یابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور انہیں ہسپتال میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس حوالے سے مزید معلوم ہوا ہے کہ ہسپتال منتقلی کے موقع پر سکیورٹی اور انتظامی معاملات کو بھی خصوصی طور پر منظم رکھا گیا جبکہ ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی صحت کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے، یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مولانا فضل الرحمان گزشتہ روز سے ملتان میں موجود ہیں، جہاں جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کی جانب سے ان کی نظر بندی کی تصدیق کی گئی تھی جب کہ پارٹی رہنما علامہ راشد محمود سومرو کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
قبل ازیں جے یو آئی پاکستان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ملتان موٹر وے پر مولانا فضل الرحمان کے قافلے کو روکے جانے اور حافظ نصیر احمد احرار سمیت متعدد کارکنوں کو حراست میں لینے سے متعلق بیانات سامنے آئے تھے، تاہم بعد ازاں مولانا فضل الرحمان کے اسٹاف اور حافظ نصیر احمد احرار کو پنجاب پولیس کی تحویل سے رہا کر دیا گیا تھا۔
اسی سیاسی و انتظامی کشیدگی کے ماحول میں اب ان کی طبیعت ناساز ہونے اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقلی کی خبر سامنے آئی ہے، جس پر جے یو آئی ف کے رہنماؤں، کارکنوں اور سیاسی حلقوں کی جانب سے ان کی خیریت اور جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔





