ان ہدایات پر ریفارم یو کے کے رہنما نائجل فراج نے تنقید کرتے ہوئے انہیں دوہرے پولیس نظام کا ثبوت قرار دیا
برطانیہ میں پولیس اہلکاروں کو مسلمانوں کے گھروں اور مساجد میں داخلے کے وقت لباس، جوتوں اور مذہبی روایات کا خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل پولیس چیفس کونسل (این پی سی سی) کی جاری کردہ رہنما دستاویز کے مطابق اہلکار نماز کے دوران مداخلت نہ کریں، مساجد میں جوتے اتاریں یا ڈھانپیں اور بعض حالات میں پولیس کتوں کے استعمال سے گریز کریں۔
نیشنل فیتھ ٹول کٹ میں مختلف مذاہب سے متعلق رہنمائی شامل ہے۔ مسلمانوں سے متعلق ہدایات میں مرد اور خواتین کے ساتھ رابطے کے دوران صنفی حساسیت کا خیال رکھنے اور مخصوص حالات میں اسی جنس کے پولیس اہلکار کو تعینات کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ برطانیہ کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب تقریباً 6.5 فیصد ہے۔
ان ہدایات پر ریفارم یو کے کے رہنما نائجل فراج نے تنقید کرتے ہوئے انہیں دوہرے پولیس نظام کا ثبوت قرار دیا اور دستاویز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ اپوزیشن کے شیڈو وزیر داخلہ کرس فلپ نے بھی کہا کہ پولیس کو مذہب اور نسل سے قطع نظر تمام شہریوں کے ساتھ یکساں سلوک کرنا چاہیے۔
دوسری جانب نیشنل پولیس چیفس کونسل کا کہنا ہے کہ ان ہدایات کا مقصد مختلف مذہبی برادریوں کے ساتھ بہتر رابطہ قائم کرنا ہے۔ کونسل کے مطابق مذہبی اور ثقافتی روایات قانون اور پولیس کی عملی ذمہ داریوں پر فوقیت نہیں رکھتیں۔
نیشنل پولیس چیفس کونسل کا مؤقف ہے کہ مذہبی برادریوں سے رابطے بہتر بنانے کے لیے جاری کردہ رہنما اصول پولیس کے قانونی اختیارات یا ذمہ داریوں میں کوئی تبدیلی نہیں کرتے۔





