Roze News

کتنی گندم درآمد کی جائے گی؟ اہم فیصلہ

کتنی گندم درآمد کی جائے گی؟ اہم فیصلہ

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم درآمد کی حد 2.5 ملین میٹرک ٹن تک بڑھانے کی منظوری دے دی جس کا مقصد گندم کی وافر دستیابی یقینی بنانا اور قیمتوں کو مستحکم کرنا ہے۔

اعلامیہ ای سی سی کے مطابق یہ فیصلہ فوڈ ایئر 2026-27 کے لیے کیا گیا جس سے آئندہ فصل تک صوبائی ضروریات پوری ہوں گی، پہلے منظور شدہ حد 1 ملین میٹرک ٹن سے بڑھا کر 2.5 ملین کی گئی۔

فیصلہ وفاقی کابینہ کے سامنے توثیق کے لیے رکھا جائے گا، صوبوں کی مجموعی درآمدی طلب تقریباً 1.7 ملین میٹرک ٹن تک پہنچ گئی جس میں پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار، سندھ کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، خیبرپختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن اور بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔

درآمدی گندم کی تمام لاگت متعلقہ صوبائی حکومتیں برداشت کریں گی اور صوبے اپنی ضروریات تحریری طور پر تصدیق کریں گے اور پیشگی ادائیگی یقینی بنائیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق گندم لانے والے جہازوں کے لیے بندرگاہوں پر ترجیحی برتھنگ کی منظوری دی گئی ہے اور گندم درآمد پروگرام کی نگرانی ڈپٹی وزیراعظم کی سربراہی میں اسٹیئرنگ کمیٹی کرے گی، روزمرہ نگرانی اور عملدرآمد وزارت قومی غذائی تحفظ کی ذمہ داری ہوگی۔

 وزیر خزانہ نے گندم کی بروقت دستیابی اور قیمتوں کے استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صارفین کو بلاجواز قیمتوں میں اضافے سے بچانے کے لیے پرعزم ہے، ذخیرہ اندوزی اور مارکیٹ میں ہیرا پھیری کی حوصلہ شکنی کے لیے مربوط اقدامات ہوں گے۔