Roze News

ٹک ٹاکر مسٹر پتلو بے قصورہیں، مقتول ریحان کے لواحقین کا عدالت میں بیان سامنے آگیا

ٹک ٹاکر مسٹر پتلو بے قصورہیں، مقتول ریحان کے لواحقین کا عدالت میں بیان سامنے آگیا

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

تقریب کے دوران پیش آنے والا واقعہ کسی کی دانستہ کارروائی نہیں بلکہ بھگدڑ کے باعث پیش آنے والا حادثہ تھا مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کااس واقعہ میں کوئی قصور نہیں، لواحقین کا عدالت کے روبرو بیان

ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کے خلاف درج مقدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مقتول ریحان کے لواحقین نے عدالت میں مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کے حق میں بیان دے دیا، جس کے بعد انہیں حادثے اور صلح کے لیے دھمکیاں دینے کے الزامات کے معاملے میں بے قصور قرار دے دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کیمطابق مقتول ریحان کے اہلخانہ نے عدالت کے روبرو بیان دیتے ہوئے کہا کہ تقریب کے دوران پیش آنے والا واقعہ کسی کی دانستہ کارروائی نہیں بلکہ بھگدڑ کے باعث پیش آنے والا حادثہ تھا۔

لواحقین نے مسٹر پتلو اور ان کے بھائی کاشف کو اس واقعے میں بے قصور قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ریحان کے اہلخانہ کی جانب سے صلح کے لیے مبینہ دھمکیاں دینے کے الزام میں بھی ایف آئی آر درج کروائی گئی تھی، تاہم مقتول کے والد، بہنوں اور دیگر لواحقین نے عدالت میں پیش ہوکر مسٹر پتلو کے حق میں بیان دے دیا۔

مسٹر پتلو کے وکیل چوہدری عثمان کے مطابق معززین نے مقتول کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ واقعے کے حوالے سے غلط فہمی پیدا ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ لواحقین نے تقریب میں بھگدڑ کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کو حادثہ قرار دیا ہے۔ وکیل کے مطابق مسٹر پتلو حادثے کے بعد جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے ان کے گھروں پر جانا چاہتے تھے، تاہم انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ دوسرے مقتول عقیل کے اہلخانہ کے ساتھ بھی معاملات طے پانے کے بعد توقع ہے کہ بھگدڑ کے واقعے کے حوالے سے ان کی جانب سے بھی اسی نوعیت کا بیان سامنے آئے گا۔ اس پیش رفت کو مسٹر پتلو کے خلاف مقدمات میں اہم قانونی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔