Roze News

اس بات پر ریفرنڈم کرالیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں یا نہیں، بلاول بھٹو زرداری

سیاستدان کاکام ہوتا ہے زمینی حقائق بتائے ! اس بات پر ریفرنڈم کرالیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں یا نہیں ، بلاول بھٹو

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

نہ میں 9 مئی میں ملوث ہوں نہ کسی کو گالی دے رہا ہوں، نظر آرہا ہے ہمیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا، اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا، سیاستدان کا کام ہوتا ہے زمینی حقائق بتائے؛ ملتان میں خطاب

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بروٹ میجورٹی کا لفظ استعمال کیا جسے توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا اور متنازعہ بنایا گیا، نئے صوبے اتفاقِ رائے اور آئینی طریقے سے بنائے جائیں اور کسی ریفرنڈم کی ضرورت نہیں ہے، اس بات پر ریفرنڈم کرالیں کہ عمران خان
سیاسی قیدی ہیں یا نہیں ہیں۔

ملتان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سسٹم کے کولیپس ہونے کی وجوہات سامنے آنا ضروری ہیں، معاشی بحران میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور موجودہ حالات میں ایک جمہوری انداز کا ری سیٹ یا ری بوٹ درکار ہے، احتساب کا نظام ہمیشہ مخالفین کے لیے بنایا گیا ہے، میری تقریر پر جس انداز میں ردعمل دیا گیا وہ افسوسناک ہے، نہ میں 9 مئی میں ملوث ہوں اور نہ کسی کو گالی دے رہا ہوں، اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں خاموش نہیں کرایا جا سکتا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا ہے کہ اس ملک کا سسٹم کولیپس ہے اور اس موضوع کو آگے بڑھانا چاہیے کہ سسٹم کولیپس کیوں ہے، سسٹم کولیپس کیسے ہوا، خود بخود ہوا یا سیاسی جماعتوں کی وجہ سے ہوا کیونکہ جب تک سسٹم کولیپس کی وجہ سامنے نہیں آتی تب تک اسے کھڑا کرنے میں مشکلات ہوں گی، یہ پہلی حکومت ہے جو اپنے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے، اور اگر پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو تمام فیصلے پارلیمان میں ہی ہونے چاہییں۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدان کا کام عوام سے سچ بولنا اور زمینی حقائق بتانا ہوتا ہے، اس بات پر ریفرنڈم کرا لیں کہ عمران خان سیاسی قیدی ہیں یا نہیں، ایسا لگ رہا ہے معاشی بحران بہتر نہیں ہوگا اور مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ان حالات میں ایک ری سیٹ کی ضرورت ہے، تاہم ری سیٹ یا ری بوٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے، نئے صوبے اتفاقِ رائے اور آئینی طریقے سے بنائے جائیں اور کسی ریفرنڈم کی ضرورت نہیں، ریفرنڈم میں ٹائم ضائع کیے بغیر سرائیکی صوبہ پارلیمان میں اتفاقِ رائے سے بنا سکتے ہیں، جنوبی پنجاب صوبے کو سندھ کی تقسیم سے جوڑنا اتفاقِ رائے کو متنازع بنانے کی کوشش ہوگی۔

بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت آئی ایم ایف کو مطمئن رکھنے کے لیے صوبوں سے سرپلس کی مد میں حصہ لیتی ہے، جس میں سب سے زیادہ حصہ صوبہ پنجاب دیتا ہے جو شاید 900 بلین سے بھی زیادہ ہے اور یہ حصہ جنوبی پنجاب پر خرچ ہونا چاہیے لیکن وہاں استعمال نہیں کیا جاتا، کسان کو فصل کی قیمت نہیں مل رہی، مزدور کو محنت کا صلہ نہیں مل رہا، نوجوان ہاتھوں میں دو دو ڈگریاں لیے پھر رہے ہیں مگر روزگار نہیں مل رہا، یہی عوام کے اصل مسائل ہیں جن پر توجہ دلانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے جوڈیشری کی بات تو کرتے ہیں لیکن عدلیہ کمیٹی میں نہیں بیٹھتے، اپوزیشن کو انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ بننا چاہیے، مجھ سے بھی غلطیاں ہوئیں اور میں کوئی فرشتہ نہیں ہوں، دن رات محنت کرکے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کے لیے جو کچھ ایک انسان کے بس میں تھا وہ میں نے کیا، پاکستان بنانے کی جدوجہد میں قائدِ اعظم نے کوئی ہتھیار نہیں اٹھایا، اور ہم بھی خون دینے والے ہیں، ہمارا خون بہایا جاتا ہے لیکن ہم کسی کا خون نہیں بہاتے۔