ترجمان جے یو آئی کے مطابق سیکرٹری جنرل جے یو آئی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور ملک اویس کو پنجاب پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
ترجمان کے مطابق مولاناعبدالغفورحیدری اورامیر پنجاب مولانا امجد خان کو خوشاب میں حراست میں لیا گیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہےکہ مولانا عبد الغفور حیدری ممبر قومی اسمبلی ہیں،کیا ان کی گرفتاری اسپیکرکی اجازت سےکی گئی ہے ؟ حکومت فوری طور پر گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کرے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی سہیل سکھیرا کا کہنا ہےکہ جے یو آئی کےکسی رہنما کو حراست میں نہیں لیا گیا، ڈپٹی کمشنر کی طرف سےسرگودھا ریجن میں دفعہ 144 نافذ ہے، جے یو آئی کے تمام رہنماؤں کے سرگودھا ریجن میں داخلے پر پابندی ہے، مولانا عبدالغفور حیدری،مولانا امجد وغیرہ کے خوشاب میں داخلے پر پابندی ہے، حکومت کی طرف سے پابندی کے احکامات پر عمل کروایا جا رہا ہے۔





