Roze News

حجاب کے بغیر پرفارم کرنے کا جرم، ایران میں گلوکارہ کو 74 کوڑے ماردیئے گئے

حجاب کے بغیر پرفارم کرنے کا جرم، ایران میں گلوکارہ کو 74 کوڑے ماردیئے گئے

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

29 سالہ پرستو احمدی نے کنسرٹ کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران بغیر آستین لباس زیب تن کیا تھا، فیصلہ کالعدم کرانے یا سزا مؤخر کرانے کی کوششیں ناکام، سزا فوری نافذ کردی گئی؛ بی بی سی کی رپورٹ

ایرانی حکام نے حجاب کے بغیر پرفارم کرنے والی گلوکارہ پرستو احمدی اور ان کے بینڈ و پروڈکشن ٹیم کے 4 ارکان کو کوڑوں کی سزا پر عمل درآمد کرتے ہوئے سزا دے دی، پرستو احمدی، تین موسیقاروں اور ایک پروڈیوسر کو قم شہر میں فی کس 74 کوڑے مارے گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 29 سالہ پرستو احمدی نے دسمبر 2024ء میں لائیو اسٹریم کیے گئے ایک کنسرٹ کے دوران بغیر آستین لباس زیب تن کیا تھا، ایران کے قوانین کے تحت خواتین کی عوامی پرفارمنس پر پابندی ہے اور ان کے لیے حجاب اور باپردہ لباس پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جون میں قم کی ایک فوجداری عدالت نے پرستو احمدی اور 8 دیگر افراد کو فحش اور غیر اخلاقی مواد شائع کرکے عوامی شائستگی کو مجروح کرنے کے جرم میں مجرم قرار دیا، تاہم ملزمان نے ان الزامات کی تردید کی تھی، عدالت نے 74 کوڑوں کی سزا کے علاوہ ان پر 2 سال تک سرگرمیوں اور ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کی تھی، جسے ستمبر کے آخر میں اپیل عدالت نے اپیل مسترد کرتے ہوئے برقرار رکھا تھا۔

ملزمان کے ایک وکیل نے بتایا کہ پرستو احمدی اور ان کے 4 مرد شریک ملزمان کو قم میں کریمنل سینٹینس انفورسمنٹ آفس کی تیسری برانچ میں کوڑے مارے گئے، انہوں نے فیصلہ کالعدم کرانے یا کم از کم سزا میں کمی یا معطلی کے لیے ہر ممکن کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی، سزا کے نفاذ کو مؤخر کرانے کی کوششوں کے باوجود انفورسمنٹ برانچ نے اسے فوری طور پر نافذ کرنے پر اصرار کیا۔

مقامی روزنامہ ’اعتماد‘ نے ایک اور دفاعی وکیل مصطفیٰ نیلی کے حوالے سے پرستو احمدی کے ہمراہ کوڑوں کی سزا پانے والے 4 افراد کی شناخت سہیل فقیہ نصیری، امین طاہری، امیرعلی پیرنیا اور محسن لشکری کے طور پر کی، ان سزاؤں پر دیگر ایرانی فنکاروں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی، جن کا کہنا ہے کہ کوڑے مارنا ظالمانہ، غیر انسانی اور تذلیل آمیز سزا ہے جو تشدد کی بین الاقوامی ممانعت کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ ایران کے قوانین کے تحت بلوغت کی عمر سے زائد لڑکیوں اور خواتین کے لیے حجاب سے بال ڈھانپنا اور ڈھیلا ڈھالا لباس پہننا لازم ہے، تاہم امریکہ میں قائم سینٹر فار ہیومن رائٹس ان ایران کی ایڈووکیسی ڈائریکٹر بہار گھاندہاری نے کہا کہ گانے اور اپنی مرضی کا لباس پہننے پر پرستو احمدی کو کوڑے مارنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی اور خواتین کی آزادیوں کو دبانے کے عزم کا اظہار ہے۔