Roze News

لیبیا کشتی حادثہ؛ باجوڑ کے تقریباً 35 نوجوانوں کی اموات کی اطلاعات

لیبیا کشتی حادثہ؛ باجوڑ کے تقریباً 35 نوجوانوں کی اموات کی اطلاعات

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

وزیرِاعظم کے مشیر مبارک زیب خان کے چچا زاد بھائی بھی شامل بتائے جاتے ہیں، تحصیل ماموند میں 6 مقامی نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، حکام کی میتوں کی وطن واپسی اور معاونت کیلئے اقدامات کی یقین دہانی

لیبیا کے ساحل کے قریب سمندر میں تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے کے المناک حادثے میں خیبرپختونخواہ کے ضلع باجوڑ کے 35 کے قریب نوجوانوں کے ڈوبنے اور لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جن میں رکن قومی اسمبلی و وزیرِاعظم کے مشیر مبارک زیب خان کے چچا زاد بھائی پزیر اللہ بھی شامل بتائے جاتے ہیں، سانحے کے بعد باجوڑ کی تحصیل ماموند میں 6 مقامی جاں بحق نوجوانوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، سیاسی جماعتوں اور حکومتی و انتظامی حلقوں کی جانب سے امدادی اقدامات، انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت کا مطالبہ و اعلان سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق غیر قانونی راستوں سے یورپ جانے والے باجوڑ کے کم از کم 35 نوجوانوں کے لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی حادثے کے دوران ڈوبنے کا خدشہ ہے، جس میں باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی اور وزیرِاعظم کے مشیر مبارک زیب خان کے چچا زاد بھائی پزیر اللہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، باجوڑ کی تحصیل ماموند میں لیبیا کے ساحل کے قریب کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 مقامی افراد کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے، جب کہ حادثے میں 35 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات کے باوجود تاحال کسی کی لاش برآمد نہ ہوسکی۔

وزیرِ مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے کہا ہے کہ وہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارتِ اوورسیز کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، جب کہ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی ریکوری کے لیے آپریشن جاری ہے، انہوں نے متاثرہ خاندانوں کی معاونت اور میتوں کی وطن واپسی کے لیے اقدامات کا اعلان بھی کیا جب کہ ضلعی انتظامیہ نے انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مشیرگورنر خیبر پختونخواہ برائے اطلاعات و تعلقات عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے میں باجوڑ کے نوجوانوں کی المناک اموات پر افسوس کا اظہار کیا، نوجوانوں کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک سانحے نے متاثرہ خاندانوں کو غم اور صدمے سے دوچار کردیا، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے کے واقعے میں ضلع باجوڑ کے کم از کم 35 نوجوانوں کے لاپتہ ہونے اور ہلاکت کے خدشے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا، انسانی اسمگلنگ کے بااثر نیٹ ورکس، سہولت کاروں اور سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی پر بھی زور دیا گیا، لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی، جاں بحق افراد کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ محض کشتی کا حادثہ نہیں بلکہ ان تلخ معاشرتی حقائق کی عکاسی کرتا ہے جہاں روزگار، باعزت مستقبل اور بہتر مواقع نہ ملنے پر نوجوان غیر قانونی راستوں سے بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہوتے ہیں، نوجوان اپنے ملک میں مستقبل سے مایوس ہو کر سمندروں کی موجوں کا سامنا کرنے پر کیوں مجبور ہیں، اور اسے بے روزگاری، معاشی بدحالی اور ناامیدی کے حوالے کرنے کو ناکام پالیسیوں کا ثبوت قرار دیا، وفاقی حکومت فوری طور پر سفارتی ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے تلاش اور ریسکیو آپریشن تیز کرے، متاثرہ خاندانوں کو مستند معلومات فراہم کرے، میتوں کی جلد وطن واپسی یقینی بنائے اور فوری مالی معاونت و سرپرستی کرے۔

اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان ارسلان خان ناظم نے کہا ہے کہ بہتر مستقبل اور روزگار کے خواب لیے وطن چھوڑنے والے باجوڑ کے 30 سے زائد نوجوانوں کا لیبیا کے قریب سمندر میں ڈوب جانا انتہائی افسوسناک، دلخراش اور قومی المیہ ہے، نوجوانوں کا غیر قانونی اور خطرناک راستوں سے بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہونا بڑھتی ہوئی بے روزگاری، معاشی بدحالی اور مستقبل سے مایوسی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ انہیں وطن میں باعزت روزگار، بہتر مواقع اور محفوظ مستقبل فراہم کرے تاکہ وہ انسانی اسمگلروں کے جھانسے میں آ کر زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں، جاں بحق نوجوانوں کی شناخت، میتوں کی وطن واپسی، لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرہ خاندانوں کی فوری مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، اے این پی اس دکھ کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔