Roze News

مریم نواز حسد کے مارے لوگوں کے دماغوں کا گند صاف نہیں کرواپائیں! عظمیٰ بخاری مخالفین پر برہم

مریم نواز حسد کے مارے لوگوں کے دماغوں کا گند صاف نہیں کرواپائیں! عظمیٰ بخاری مخالفین پر برہم

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

دنیا لاہور کو لندن، پیرس، نیویارک سے بھی زیادہ محفوظ بتا رہی ہے، مسقط بلا بلا کر انعام دے رہا ہے، پنجاب کا ٹوٹل گند اٹھایا جا چکا، شہر گاؤں گلیاں کوچے صاف کروا دیئے گئے؛ وزیراطلاعات پنجاب کی ایکس پوسٹ

وزیرِاطلاعات پنجاب عظمیٰ کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پنجاب حکومت کی کارکردگی اور صوبے کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے،صحافی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے صوبے کی حالت خراب تر ہونے کا مؤقف اختیار کیا، جس کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، صحت اور ٹرانسپورٹ کے اقدامات گنواتے ہوئے تنقید کو مسترد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اس بحث کا آغاز صحافی کی ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے ہوا جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر نکتہ چینی کی، صحافی نے اپنی پوسٹ میں تحریر کیا کہ محترمہ مریم نواز کے ہوتے ہوئے پنجاب کی حالت خراب سے خراب تر ہوتی جائے گی۔انہوں نے صوبائی حکومت پر ناتجربہ کاری، خود پسندی، من مانی، فضول خرچی اور شعبدہ بازی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی اعتماد سے محروم مکمل طور پر ایک جعلی حکومت ہے جو عام آدمی کے دکھوں اور زخموں سے بے نیاز ہے۔

صحافی کی پوسٹ کے جواب میں وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے طنزیہ انداز اپنا کر تنقید کو مسترد کرتے ہوئے صوبائی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کیا، انہوں نے لکھا کہ مریم نواز کے آنے کے بعد پنجاب کی حالت ایسی ہوئی ہے کہ دنیا لاہور کو لندن، پیرس اور نیویارک سے بھی زیادہ محفوظ بتا رہی ہے، مسقط کی جانب سے بہترین کارکردگی پر بلا کر انعام دیا جا رہا ہے۔

صوبائی وزیر نے صحت، ٹرانسپورٹ اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں امراضِ قلب کے علاج کے لیے کیتھ لیبز بن رہی ہیں، لوگوں کی سفری سہولیات کے لیے تقریباً ہر شہر میں گرین بسیں چلائی جا چکی ہیں، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں میٹرو منصوبے تعمیر کیے جا رہے ہیں، نوجوانوں کو اسکالرشپس، لیپ ٹاپس اور اسکوٹیز دی جا رہی ہیں، بے گھر افراد کو گھر بنانے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں، اور شہروں و بازاروں کی بیوٹیفکیشن کا کام بھی جاری ہے۔

اپنے جوابی پیغام کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے صوبے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب کا تمام کچرا اٹھایا جا چکا ہے اور شہر، گاؤں حتیٰ کہ پنجاب کے گلی کوچے تک صاف کروا دیئے گئے ہیں، حکومت صرف ایک گند صاف نہیں کروا پائی اور وہ حسد کے مارے لوگوں کے دماغوں کا گند ہے۔