حالیہ ہفتے کے دوران سیمنٹ کی قیمتوں میں ملا جلا رجحان دیکھا گیا، جہاں شمالی علاقوں میں قیمتوں میں کمی جبکہ جنوبی علاقوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔شمالی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 19 روپے (1.25 فیصد) کم ہو کر 1 ہزار 569 روپے پر آ گئی، جو گزشتہ ہفتے 1 ہزار 588 روپے تھی۔ اس کے برعکس جنوبی علاقوں میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت میں 8 روپے (0.47 فیصد) کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اوسط قیمت 1 ہزار 589 روپے سے بڑھ کر 1 ہزار 597 روپے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق سب سے مہنگا سیمنٹ گوجرانوالہ اور بہاولپور میں 1 ہزار 650 روپے فی بوری فروخت ہوا، جبکہ بنوں میں قیمت سب سے کم یعنی 1 ہزار 380 روپے فی بوری ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح خضدارمیں سیمنٹ کی قیمت 1 ہزار 700 روپے فی بوری کے ساتھ بلند ترین سطح پر رہی، جبکہ کراچی میں سیمنٹ کی فی بوری اوسط قیمت 1 ہزار 491 روپے ریکارڈ کی گئی۔





