سونے کی 2027 میں قیمت کہاں تک جائے گی؟ یہ وہ سوال ہے جو اس وقت پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونا خریدنے اور فروخت کرنے والوں کے ذہنوں میں گردش کر رہا ہے، اس حوالے سے عالمی بینک اور دیگر بڑے مالیاتی اداروں کی پیش گوئیاں بھی سامنے آگئی ہیں۔ رواں سال کے آخری مہینوں میں مقامی اور عالمی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں مسلسل گراوٹ کا شکار ہیں،پاکستان میں اس وقت ایک تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 76 ہزار 336 روپے جبکہ عالمی مارکیٹ میں فی اونس قیمت 3 ہزار 538 ڈالر کی سطح پر آگئی ہے۔
اگلے سال عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں تیزی اور مندی دونوں طرح کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں، بعض بڑے بینک سونے کی قیمت 5 ہزار ڈالر فی اونس سے تجاوز کرنے کی توقع رکھتے ہیں، جبکہ عالمی بینک کے مطابق 2027 میں قیمتوں میں کمی بھی آسکتی ہے، جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوں گے۔ جے پی مورگن پرائیویٹ بینک نے نومبر کی اپنی سرمایہ کاری رپورٹ میں 2027 کے اختتام تک سونے کی قیمت 4,450 سے 4,750 ڈالر فی اونس رہنے کا تخمینہ دیا ہے، ادارے کے مطابق جغرافیائی کشیدگی، افراط زر اور ڈالر سے ہٹ کر سرمایہ کاری کے رجحان کے باعث سونے کی طویل مدتی اہمیت برقرار رہ سکتی ہے۔ گولڈمین سیکس (Goldman Sachs) نے 2027 کے لیے سونے کی قیمت کا ہدف 5,400 ڈالر سے کم کرکے 4,800 ڈالر فی اونس کردیا ہے، اس تبدیلی کی وجہ امریکی فیڈرل ریزرو کی سخت مالیاتی پالیسی اور بلند شرح سود کے امکانات بتائے گئے ہیں۔
کینیڈین مالیاتی ادارے سی آئی بی سی نے 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 5,200 ڈالر فی اونس رہنے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ اس کا سابقہ تخمینہ 6,500 ڈالر تھا۔ عالمی بینک کا نقطہ نظر نسبتاً محتاط ہے، ادارے کے مطابق 2027 میں سونے کی اوسط قیمت 4,250 ڈالر فی اونس رہ سکتی ہے جو 2026 کے 4,600 ڈالر کے متوقع اوسط سے 7.6 فیصد کم ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں سونے کی قیمتیں مسلسل نیچے آرہی ہیں،امریکی ڈالر کی مضبوطی، امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے کے امکانات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی فروخت کو اس گراوٹ کی اہم وجوہات قرار دیا جا رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سونا عام طور پر مہنگائی اور جنگ کے دوران محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ امریکی معاشی پالیسی اور مالیاتی منڈیوں کی صورتحال نے سونے کی قیمتوں پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔





