عالمی مالیاتی منڈیوں میں شدید مندی، امریکی اسٹاک مارکیٹ، کرپٹو کرنسیز اور سونے کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ نے سرمایہ کاروں کو پریشان کردیا۔نیس ڈیک ایک ہفتے میں تقریباً 10 فیصد گر گیا، بٹ کوائن 60 ہزار ڈالر کی سطح سے نیچے آگیاجبکہ سونے کی قیمت میں بھی 9 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
عالمی مالیاتی منڈیوں میں بےیقینی کی لہر دوڑ گئی، امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی کے باعث نیس ڈیک جمعے کے روز 5.28 فیصد گرگیا،جبکہ ایک ہفتے کےدوران انڈیکس میں تقریباً 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مارچ 2020 کے بعد یہ نیس ڈیک کی سب سے بڑی ہفتہ وار گراوٹ ہے۔اسٹاک مارکیٹ کےساتھ کرپٹو کرنسیز اور سونے کی قیمتیں بھی دباؤ کا شکار ہیں، بٹ کوائن ایک ہفتے میں تقریباً 13.2 فیصد سستا ہوکر 60 ہزارڈالرکی نفسیاتی سطح سے نیچےآگیا،جبکہ سونےکی قیمت میں ہفتہ وار بنیادوں پر تقریباً 9.2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کےمطابق عالمی منڈیوں میں اس گراوٹ کی ایک بڑی وجہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری پربڑھتے خدشات ہیں، بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں اے آئی،ڈیٹا سینٹرز اور جدید چپس پر اربوں ڈالر خرچ کر رہی ہیں، تاہم سرمایہ کاروں کو خدشہ ہےکہ ان اخراجات کے مقابلے میں متوقع منافع حاصل ہو بھی سکے گا یا نہیں۔اے آئی کمپنی اینتھروپک کی اسٹاک مارکیٹ میں آمدبھی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال نہ کر سکی،کمپنی کے حصص پہلے روز ابتدائی پیشکش کی قیمت 83 ڈالر سے 17.1 فیصد اضافے پر بند ہوئے، تاہم دوسرے روز ان کی قیمت میں نمایاں گراوٹ آگئی۔
دوسری جانب امریکی شرح سود اور مہنگائی سے متعلق خدشات بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد کومتاثر کر رہے ہیں،شرح سود میں مزید اضافے کے خدشے کے باعث سرمایہ کار زیادہ خطرے والے اثاثوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔مارکیٹ کےموجودہ رجحانات نے ایک اہم سوال کھڑا کردیا ہےکہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری سے منافع کب اور کتنا حاصل ہوگا؟ یہی خدشات اس وقت وال اسٹریٹ سے لے کر کرپٹو مارکیٹ تک سرمایہ کاروں کے لیے پریشانی کا باعث بنے ہوئے ہیں۔





