Roze News

ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، عراقچی کی تصدیق

عراقچی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

تہران: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے۔ایران کے سرکاری اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے متعلق دو روزہ منصوبہ اب بھی زیر غور ہے، واشنگٹن نے ہماری تجویز کا جواب نہیں دیا، ایران کی 7 شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔عباس عراقچی نے کہا کہ خطے کے ممالک کو سلامتی یقینی بنانے کے لیے خود اقدامات کرنے ہوں گے، خطے میں امریکا کے فوجی اڈے اپنی حفاظت کرنے میں بھی ناکام رہے، یو اے ای نے اسرائیل سے تعلقات قائم کر کے غلط اسٹریٹجک فیصلہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کی خاطر کوئی بھی معاہدہ قبول کر لینا مناسب نہیں، مزاحمت کے بعد مخالف کو ایسی رعایت نہیں دینی چاہیے کہ وہ اِسے اپنی فتح کہے، کوئی بھی معاہدہ مستقل، حتمی ہونا چاہیے جو یقینی بنائے کہ جنگ دوبارہ نہ چھڑے۔عراقچی نے کہا کہ افزودہ یورینیئم ایران سے باہر نہیں جائے گا، یہ واضح سرخ لکیر ہے، جوہری مواد سے متعلق ایسا حل ممکن ہے جو ملکی ضروریات کی ضمانت دے۔ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ تہران کو اب بھی امید ہے کہ سفارت کاری کے ذریعے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کی جا سکتی ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران معاہدہ کرنا چاہتا ہے، لیکن ایسا معاہدہ نہیں جو انھیں قابل قبول ہو۔

عراقچی نے کہا تہران ایک ایسے معاہدے کے لیے کوشاں ہے جو اس بات کو یقینی بنائے کہ مزید کوئی جنگ نہ ہو۔ ایران نے ثالثوں، یعنی پاکستان اور قطر، کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کی نوعیت اور طریقۂ کار پر تبادلہ خیال کیا ہے۔3 نومبر 2026 کے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد، جن میں جنگ اور ایندھن کی بلند قیمتوں پر ووٹروں کی ناراضی کے باعث ڈیموکریٹس نے امریکی سینیٹ کی نو نشستیں اور ایوان نمائندگان کی تقریباً چار درجن نشستیں حاصل کر لیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور نائب صدر جے ڈی وینس دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ ایران کے ساتھ جنگ ان کی ریپبلکن پارٹی کی شکست کا ایک اہم سبب تھی۔قطر کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ قطری اور ایرانی حکام نے منگل کو ایسی بات چیت کی جس کا مقصد ’’مختلف نقطہ ہائے نظر کو قریب لانا اور زمینی حقائق کے مطابق پیش کی گئی تجاویز کے درمیان خلیج کو کم کرنا‘‘ تھا۔