مسلم لیگ ن کے آپ 2022ء سے حکومت میں پارٹنر ہیں، نفع آپ کا اور نقصان ن لیگ یا پاکستان کا؟ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں؟ کیا آپ لیکچر یا دھمکی دینے کا حق رکھتے ہیں؟ وزیردفاع کے چیئرمین پیپلزپارٹی سے سخت سوالات
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات اور سسٹم ری سیٹ کے مؤقف پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی نظام اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہو سکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو، سندھ میں پیپلزپارٹی کو 18 سال ہوچکے، لیکچر یا دھمکیاں دینے سے پہلے اپنے دامن کا احتساب کرنا چاہیئے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگر بلاول بھٹو سسٹم کولیپس کی بات کر رہے ہیں تو اس نظام سے وابستہ ہونے کے ناطے ہم سب پر لازم ہے کہ ہم اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احاطہ کریں، سیاستدانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی رہنما احتساب سے مبرا ہے، بلاول کی پریس کانفرنس اگرچہ بہت دھواں دار تھی اور موجودہ حکومت پر مرکوز رہی لیکن عوام سے رجوع کرنے کے طریقہ کار کو چور دروازہ نہیں کہنا چاہیے کیونکہ سیاستدانوں کی اصل اساس ہی عوامی رائے ہے، پارلیمنٹ میں بحث کے ساتھ ساتھ عوام کی رائے کو جان لینا ہی جمہوریت کی معراج ہے۔
قانونی اور اخلاقی اصول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انصاف کے ضابطے کے مطابق جو شخص بھی انصاف کا طالب ہو، اسے صاف ہاتھوں کے ساتھ آنا چاہیئے، اس لیے سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا بلاول بھٹو کے اپنے ہاتھ صاف ہیں اور کیا انہیں دوسروں کو لیکچر یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟ میرا واحد مقصد یہ ہے کہ پاکستان کے عوام کے دن بدلیں اور عام آدمی عزت کی زندگی بسر کرسکے۔
وزیردفاع نے کہا کہ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقی شکل دی جانی چاہیے کیونکہ حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہوتی ہے نہ کہ کسی کی میراث اور عوام کے حقوق کو صرف آئین کی کتاب تک محدود نہیں رکھا جانا چاہیے، سفارتی و جنگی محاذوں پر عزت و تکریم کس دور میں ملی، یہ سب پر عیاں ہے، اب اصل جنگ حکمرانی کو گلی محلے کی سطح تک منتقل کرنے کی ہے جہاں پارلیمنٹ اور عوام کا کردار انتہائی آئینی و جمہوری ہے۔





