پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائشہ نور نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر کے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے فیصلے کی وجہ بتا دی۔
ڈراموں ’سیانی‘، ’میری ماں‘، ’تم کون پیا‘ اور ’امید‘ سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے حالیہ گفتگو میں اپنے روحانی سفر سے متعلق انکشافات کیے۔
عائشہ نور نے بتایا کہ ان کے گھرانے میں پہلے ہی مذہبی رجحان موجود تھا، تاہم چھوٹی بہن کے قرآن سیکھنے کے بعد انہوں نے بھی ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھنا شروع کیا۔ قرآن پڑھتے ہوئے انہیں محسوس ہوا جیسے اللہ تعالیٰ براہِ راست ان سے مخاطب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زندگی کے مشکل دور میں انہیں احساس ہوا کہ وہ شوبز میں رہتے ہوئے اپنی مطلوبہ مذہبی زندگی نہیں گزار سکتیں سو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے آسانی کی دعا کی جس کے بعد ان کے لیے نئے راستے کھل گئے۔اب وہ اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہی ہیں اور دیگر افراد کو روزگار بھی فراہم کر رہی ہیں۔





