Roze News

ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں آگاہی واک اور رن کا انعقاد، شہریوں کی بھرپور شرکت

آگاہی واک

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد:ذیابیطس کے عالمی دن کے موقع پر وزارتِ قومی صحت، ضوابط و رابطہ کاری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد نے عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے تعاون سے ایف نائن پارک اسلام آباد میں “Walk & Run to Defeat Diabetes” کے عنوان سے آگاہی واک اور رن کا انعقاد کیا، جس میں اسلام آباد کے شہریوں نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔اس سرگرمی کا بنیادی مقصد شہریوں میں ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔

اس موقع پر ذیابیطس جیسے غیر متعدی امراض سے بچاؤ کے لیے متوازن غذا، روزانہ ورزش، وزن کو مناسب حد میں رکھنے اور بلڈ شوگر کی باقاعدگی سے جانچ کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس اسلام آباد کے مطابق ذیابیطس سے بچاؤ اور اس کی بروقت تشخیص کے حوالے سے عوامی آگاہی نہایت اہم ہے۔ اس نوعیت کی سرگرمیاں شہریوں کو اپنی صحت کے بارے میں مثبت اور بروقت اقدامات کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔

یہ اقدام پائیدار ترقی کے اہداف SDG 3 (اچھی صحت اور فلاح و بہبود) اور SDG 17 (اہداف کے حصول کے لیے شراکت داری) سے بھی ہم آہنگ ہے، جس کے تحت صحت مند معاشرے کے فروغ اور عوامی صحت کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو اہمیت دی جاتی ہے۔