اسلام آباد: تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبوں کی جانب سے وفاق کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ دی گئی ہے۔رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صوبوں نے وفاق کو خصوصی گرانٹ فراہم کی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت دی گئی ہے۔ دستاویز کے مطابق اس بار وفاق کی جانب سے صوبوں کو گرانٹ دینے کی بہ جائے صوبے وفاق کو گرانٹ فراہم کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ کا معاہدہ ہوا تھا، جس میں پنجاب سے 555 ارب 70 کروڑ روپے، سندھ سے 263 ارب 70 کروڑ روپے، خیبر پختونخوا سے 157 ارب روپے اور بلوچستان سے 58 ارب 60 کروڑ روپے کی گرانٹ لی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گرانٹ ایف بی آر کی گزشتہ سال کی آمدن سے اضافی آمدن پر دی جا رہی ہے۔ دستاویز کے مطابق گرانٹ کو وفاقی بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئین کا آرٹیکل 164 این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہے اور اس کے تحت دی جانے والی گرانٹ رضاکارانہ ہوتی ہے۔ آرٹیکل 164 کے تحت وفاق اور صوبے ایک دوسرے کو گرانٹ دے سکتے ہیں، جب کہ آئین پاکستان کے اس آرٹیکل کے تحت کسی بھی مقصد، بشمول قومی مقصد، کے لیے گرانٹ دی جا سکتی ہے۔





