Roze News

خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران گورنر کے اختیارات بڑھانے کا فیصلہ

ایمرجنسی

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں وفاقی حکومت نے گورنر فیصل کریم کنڈی کے اختیارات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے ایک نیا آرڈیننس جاری کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔نجی ٹی وی کی رپورٹ میں حکومتی ذرائع کے حوالے سےبتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایمرجنسی کی صورتحال میں گورنر کو حاصل اختیارات سے متعلق مجوزہ آرڈیننس صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوا دیا ہے۔امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت جلد اس آرڈیننس کا اجرا کریں گے۔

مجوزہ قانونی اقدام کے تحت ایمرجنسی کے نفاذ کے دوران گورنر کو پہلے سے زیادہ اختیارات حاصل ہوں گے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے 12 خصوصی اضلاع کے حوالے سے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کے انتظامی اختیارات میں اضافہ کیا جائے گا۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ آرڈیننس کے اجرا کے معاملے کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس دوبارہ شیڈول کیا گیا ہے، کیونکہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیے جانے کے بعد آرڈیننس جاری نہیں کیا جاسکتا۔