معروف سندھی لوک گلوکارہ شازیہ خشک نے موسیقی کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا، گلوکاری چھوڑنے کی وجہ بھی بتادی۔شازیہ خشک نےمیڈیا سے گفتگو کرتےہوئےانکشاف کیا کہ وہ 2018 سے ہی گائیکی چھوڑ چکی ہیں، یہ فیصلہ اللہ اور اسلام کی خاطرکیا۔شازیہ خشک سندھی لوک موسیقی کا معروف نام ہیں،وہ اپنے مقبول گیت ’’لال میری پت‘‘ کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل کرچکی ہیں۔ انہوں نے عالمی سطح کے بڑے اسٹیجز کے علاوہ مختلف مزارات پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ جنید جمشید کی وفات کے بعد وہ شدید صدمے اور کیفیت سے دوچار ہوئیں، اسی وقت انہوں نے موسیقی کا شعبہ ترک کرنےکا فیصلہ کرلیا، آہستہ آہستہ انہوں نے ہمت کی اور پردہ کرنا شروع کر دیا۔گلوکارہ کا کہنا تھا کہ انکے جڑواں بچے بیرونِ ملک مقیم ہیں لیکن وہ جانتی ہیں کہ وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گی کیونکہ اس زندگی اور سفر میں اللہ ہمیشہ انکے ساتھ ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے شازیہ خشک منظرِ عام سے غائب تھیں۔





