Roze News

پنجاب میں 80لاکھ بچیاں سکول نہیں جاتیں جبکہ مریم نواز 11 ارب کے جہاز میں اپنی بیٹی کی گریجوایشن تقریب کیلئے لندن جاتی ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

پنجاب میں 80لاکھ بچیاں سکول نہیں جاتیں جبکہ مریم نواز 11 ارب کے جہاز میں اپنی بیٹی کی گریجوایشن تقریب کیلئے لندن جاتی ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

سوال کرنا عوام کا حق ہے، فرسودہ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کرنا قوم پر لازم ہے، موجودہ نظام میں عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، امیر جماعت اسلامی کی وزیراعلیٰ مریم نواز پر تنقید

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک کے موجودہ نظام میں عوام کو تعلیم ، صحت ، معاش اور امن اور تحفظ کے بنیادی حقوق دستیاب نہیں ، پنجاب میں 80لاکھ بچیاں سکولوں سے باہر ہیں اور اس صورتحال میں بیٹی کی گریجوایشن تقریب میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز گیارہ ارب کے جہاز میں بیٹھ کر لندن روانہ ہو گئیں ، ان سے سوال کرنا عوام کا حق ہے اور ایسے فرسودہ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد کرنا بھی قوم پر لازم ہے، نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں خواتین بھی جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’ہمارا ہنر، ہماری پہچان‘‘ کے عنوان سے خدیجۃ الکبریٰ نمائش کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق ، جماعت کی دیگر رہنماؤں ثمینہ سعید، عظمیٰ عمران، سینئر وائس پریذیڈنٹ (PIBF) انیلہ محمود، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس مسز شاہین، دیگر خواتین اور صدر پاک انٹرنیشنل بزنس فورم لاہور عبدالودود علوی، سیکرٹری جنرل پاک انٹرنیشنل بزنس فورم تنویر اعجاز نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ گھروں سے باہر کام کرنے والی خواتین (Working Women) کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومت کی بنیادی ذمہ داری اور ملک کی اہم ترین ضرورت ہے۔ معاشرہ کی تشکیل اسلام کے حقیقی اصولوں کے مطابق ہوجائے تو خواتین کو گھروں میں رہتے ہوئے تمام سہولیات اور حقوق دستیاب ہوں گے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ اپنے حصہ کی شمع بھی روشن کررہی ہے اور اس کی ایک مثال بنو قابل پروگرام ہے جس میں سولہ لاکھ بچوں اور بچیوں کی رجسٹریشن مکمل ہوگئی ہے ، ملک بھر میں بنوقابل کے چار سو کیمپس موجود ہیں، یہ پروگرام خصوصی طور بچیوں کو چھوٹے کاروبار شروع کرنے میں بہت مددگار ثابت ہورہا ہے ، اس پروگرام میں بچیوں کی رجسٹریشن 32فیصد جب کہ پاس ہونے کی شرح 47فیصد ہے جو ان کی سنجیدگی اور ذہانت کی واضح مثال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں جس طرح کے حالات ہیں ان میں متوسط طبقہ کی خواتین کو بھی کام کرنا پڑ رہا ہے ، اگر ریاست اپنی ذمہ داری ادا کرے تو بہت سی خواتین کو کام کرنے کی مجبوری نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنی تمام توجہ بچوں کی بہترین پرورش اور قوم کی تشکیل میں لگا سکیں گی ، تاہم موجودہ حالات میں بہت سی خواتین کے لیے ملازمت کرنا ، چھوٹے کاروبار شروع کرنا اور معاش کے وسائل کے لیے کوشش کرنا ضروری بن چکا ہے ، ہمارے دین میں بھی خواتین کے باوقار طریقے سے کام کرنے میں کوئی ممانعت نہیں ہے، البتہ معاشرے میں بہت سے افراد بلاوجہ مباحث کا آغاز کرکے تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، اس تقسیم سے طاقتور طبقات مزید طاقتور ہوتے ہیں، تقسیم پیدا کرنے عناصر کو نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں شامل ہونا چاہیے تاکہ ایسا اسلامی معاشرہ تشکیل پاسکے جس میں خواتین کو تحفظ ملے اور عوام کوتمام بنیادی سہولیات دستیاب ہوں۔

حافظ نعیم الرحمن نے پاک بزنس فورم کو خواتین کے لیے باوقار روزگار کے آغاز کے لیے تربیت کی فراہمی پر مبارکباد دی اور کہا کہ چھوٹے کاروبار کے لیے شہری خواتین کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی ترغیب کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی کروڑ خواتین مزدوری کرتی ہیں ، لوگوں کے گھروں میں کام کرتی ہیں ، انہیں قانون کے مطابق تمام حقوق ملنے چاہییں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے دین پر فخر ہے جو عورت کو تمام حقوق دیتا ہے، تعلیم کا حصول ہر مسلمان مرد عورت پر فرض ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اس موقع پر نمائش میں لگے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور خواتین کی ہنر مندی کی تحسین کی ۔