اس سے قبل 2007 میں مسلمان رکن کانگریس کیتھ ابلیسن نے قرآن مجید پر حلف اٹھایا تھا۔
امریکی ریاست مشی گن سے نومنتخب مسلم امریکی سینیٹر عبدالسید نے اعلان کیا ہے کہ وہ 3 جنوری 2027 کو اپنے عہدے کا حلف قرآن پاک پر اٹھائیں گے، جس کے بعد وہ امریکی تاریخ میں قرآن پاک پر حلف اٹھانے والے پہلے سینیٹر بن جائیں گے تاہم اس مقصد کے لیے استعمال ہونے والے تاریخی نسخے کا حتمی فیصلہ ابھی نہیں کیا گیا۔
نومنتخب امریکی سینیٹر عبدالسید نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے فیصلے کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلف برداری کی تقریب کے لیے قرآن پاک کے دو تاریخی نسخوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ان میں پہلا نسخہ سابق امریکی صدر تھامس جیفرسن کا تاریخی قرآن ہے، جو امریکی کانگریس کی لائبریری میں محفوظ ہے۔ اسی نسخے پر 2007 میں امریکی ایوان نمائندگان کے پہلے مسلمان رکن کیتھ ایلیسن نے رکنیت کا حلف اٹھایا تھا۔
دوسرا ممکنہ انتخاب یونیورسٹی آف مشی گن میں محفوظ قرآن پاک کا ایک قدیم نسخہ ہے۔ عبدالسید کے مطابق ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ ان دونوں میں سے کون سا نسخہ حلف برداری کے موقع پر استعمال کیا جائے گا، تاہم وہ قرآن پاک پر ہی حلف اٹھائیں گے۔
انٹرویو کے دوران عبدالسید نے مذہبی آزادی اور امریکی آئین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکی آئین ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور اپنی مذہبی آزادی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حلف برداری کے موقع پر اصل اہمیت اس کتاب کی نہیں جس پر ہاتھ رکھ کر حلف لیا جاتا ہے، بلکہ اس عہد کی ہے جس کے تحت منتخب نمائندہ امریکی آئین سے وفاداری اور اس کے تحفظ کا وعدہ کرتا ہے۔





