Roze News

ٹرین کے انجن میں خواجہ سراؤں کو سفر کروانے پر ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور گرفتار

ٹرین کے انجن میں خواجہ سراؤں کو سفر کروانے پر ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور گرفتار

تازہ خبروں اور اہم اپڈیٹس کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں۔

ایک خواجہ سرا نے اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کی مخصوص نشست پر لیٹ کر نیند بھی پوری کی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ریلوے حکام کی جانب سے کارروائی کی گئی

شالیمار ایکسپریس کے انجن میں خواجہ سراؤں کو بٹھا کر سفر کروانے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے معاملے پر ریلوے پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرین کے ذمہ دار عملے اور متعلقہ خواجہ سراؤں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

اطلاعات کے مطابق لاہور جانے والی مسافر ٹرین شالیمار ایکسپریس کے حوالے سے ایک انوکھا اور قواعد کے منافی واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ٹرین کے انجن کے اندر خواجہ سراؤں کو سفر کروایا گیا، اس غیر قانونی سفر کی ویڈیو جب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تو اس پر ریلوے حکام اور ریلوے پولیس فوری طور پر حرکت میں آگئی اور معاملے کا سخت نوٹس لیا۔

درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن میں بتایا گیا ہے کہ شالیمار ایکسپریس کے انجن میں سوار ہونے والے خواجہ سراؤں نے ساہیوال سے لے کر رائے ونڈ تک کا سفر اسی انجن میں طے کیا، اس دوران سفر کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک خواجہ سرا نے اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور کی مخصوص نشست پر لیٹ کر نیند بھی پوری کی، جو ریلوے قوانین اور سکیورٹی پروٹوکول کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ ریلوے پولیس نے انکوائری کے بعد کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں براہِ راست ملوث ٹرین کے عملے اور مسافروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والوں میں ٹرین کے ڈرائیور امتیاز، اسسٹنٹ ڈرائیور ثقلین حیدر کے علاوہ انجن میں سفر کرنے والے خواجہ سرا علی جان اور حانیہ شامل ہیں، تمام ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

پولیس اور ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ریلوے ملازمین ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور پر یہ سنگین الزام ہے کہ انہوں نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے غیر متعلقہ افراد کو انتہائی حساس اور ممنوعہ زون یعنی ٹرین کے انجن میں سفر کرنے اور وہاں قیام کرنے کی غیر قانونی اجازت دی، انجن میں اس طرح کی نقل و حرکت ناصرف ریلوے سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ مسافروں کی جانوں کے ساتھ بھی کھیلنے کے مترادف ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ واقعے کا باضابطہ مقدمہ درج کرنے کے بعد ریلوے پولیس نے تفتیش کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیا ہے، یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا اس عمل میں عملے کی کوئی ذاتی غرض شامل تھی یا انہوں نے کسی کی شہ پر یہ قدم اٹھایا، حکام کا کہنا ہے کہ ریلوے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے اور حفاظتی اصولوں کو توڑنے والوں کے خلاف محکمانہ اور قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔