اسلام آباد میں شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب، برطانوی اور پاکستانی فیشن اور ڈیزائن کی نمائش
۔
تقریب میں برطانوی اور پاکستانی ڈیزائن پیش کیے گئے اور معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تخلیقی شعبوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا
اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن نے 13 نومبر کو شاہ چارلس سوم کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد کی۔ تقریب میں دکھایا گیا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تخلیقی شعبے دونوں ملکوں میں کاروبار کو فروغ دینے میں کس طرح مدد دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں چھ سو سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، جن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات، ڈیزائنرز اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد شامل تھے۔
مہمانوں کے لیے برطانوی ملبوسات ساز اداروں، برطانیہ میں اپنا کاروبار بڑھانے والے پاکستانی ریٹیلرز اور پاکستانی نژاد برطانوی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات پیش کیے گئے۔ موسیقی بینڈز نے معروف برطانوی گیت پاکستانی انداز میں پیش کیے۔ برطانوی شیف ٹونی ٹوبن اور ہائی کمشنر کی رہائش گاہ کے شیف نے مل کر تقریب کا مینیو ترتیب دیا، جس میں برطانیہ اور پاکستان کے منتخب پکوان شامل تھے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، سی ایم جی، او بی ای ، نے کہا:
” برطانیہ اور پاکستان مل کر بہترین خیالات اور منصوبوں کو زندگیاں بدل دینے والے عملی اقدامات میں تبدیل کر رہے ہیں۔ برطانیہ کی تخلیقی صلاحیتیں اور پاکستان کی کاروباری مہارت مل کر دونوں ملکوں میں روزگار اور معاشی ترقی کے وسیع مواقع کا باعث بن سکتی ہیں۔ ہماری شراکت داری کا اگلا مرحلہ مل کر مواقع تخلیق کرنے، ایجادات کرنے اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کا ہے۔“
مہمانِ خصوصی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا:
“پاکستان اور برطانیہ کی دوستی پھلتی پھولتی رہے اور ہر آنے والی نسل کے ساتھ ہمارے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔“
برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی نژاد تقریباً 17 لاکھ افراد رہتے ہیں۔ پاکستان سے برطانیہ درآمد ہونے والی اشیا میں ملبوسات اور ٹیکسٹائل کا حصہ 75 فیصد سے زیادہ ہے۔ تخلیقی صنعتیں بھی برطانوی معیشت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ سنہ 2024 میں ان صنعتوں نے معیشت میں 146 ارب پاؤنڈ، یعنی تقریباً 200 ارب امریکی ڈالر، کا حصہ ڈالا اور 24 لاکھ افراد ان شعبوں میں کام کر رہے تھے۔
رواں موسمِ خزاں میں معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ چارلس سوم کی سالگرہ سے دو روز قبل، 12 نومبر کو بریڈفورڈ میں ویسٹ یارکشائر اور پاکستان کے سربراہی اجلاس میں کاروباری اداروں، حکومت اور جامعات کے تقریباً 100 سرکردہ نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل اور خوراک و مشروبات کے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دسمبر میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی مذاکرات اور آنے والے ہفتوں میں سرمایہ کاری سے متعلق دیگر مجوزہ تقریبات کے ذریعے یہ سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔
اختتام
مدیران کے لیے نوٹس
· برطانیہ پاکستان کا چوتھا بڑا دوطرفہ تجارتی شراکت دار اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا دوسرا بڑا ذریعہ ہے۔
· برطانیہ کے تعاون سے جاری پروگرام پاکستانی کاروباری اداروں کو سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ کلائمیٹ فنانس ایکسیلیریٹر (سی ایف اے) پاکستان نے سنہ 2022 سے اب تک موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 22 منصوبوں کی معاونت کی ہے اور چار کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے میں مدد دی ہے۔ صاف توانائی، ری سائیکلنگ، زراعت اور بجلی سے چلنے والی ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں کام کرنے والے مزید 10 کاروباری ادارے اب پانچ کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کے تین سالہ سرمایہ کاری منصوبوں کی مالیت 12 کروڑ امریکی ڈالر ہے۔
· ریونیو موبلائزیشن، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ پروگرام (ری مِٹ) برطانیہ کی مالی معاونت سے چلتا ہے اور پاکستان کی معاشی اصلاحات کے لیے تکنیکی مدد فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام نے قواعد و ضوابط میں 500 سے زیادہ اصلاحات میں معاونت کی ہے۔ ان میں ’ڈیجیٹل آئی‘ بھی شامل ہے۔ یہ نظام مصنوعی ذہانت سے لیس کیمروں کے ذریعے پیداوار کی براہِ راست نگرانی کرتا ہے۔ ڈیجیٹل آئی اب سیمنٹ کی تمام 27 فیکٹریوں میں کام کر رہا ہے۔
· انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے اشتراک سے چلنے والا کلائمیٹ انویسٹمنٹ فنڈ فار پاکستان (سی آئی ایف پاک) برطانوی فنڈز کی مدد سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری حاصل کرتا ہے۔ اس کی پہلی سرمایہ کاری کے نتیجے میں طیاروں کے لیے کم آلودگی پھیلانے والے ایندھن کی تیاری کے لیے 10 کروڑ امریکی ڈالر سے زیادہ کی نجی سرمایہ کاری حاصل ہوئی۔ اس سے ہر سال کاربن کے اخراج میں پانچ لاکھ ٹن سے زیادہ کی کمی آئے گی۔
· ہائی کمیشن تقریب کی مالی معاونت پر اٹلس گروپ اور جیریز گروپ کا شکریہ ادا کرتا ہے۔





